Wednesday , December 19 2018

اسکواش میں ہندوستان کی تاریخ ساز کامیابی، دیپیکا کو برونز میڈل

انچیان ؍ چینائی ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دیپیکا پلیکل اور سروو گھوسل نے اسکواش کے میدان میں ہندوستان کیلئے تاریخ ساز کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ نشانہ بازوں نے اپنے شاندار مظاہروں کے سلسلہ کو جاری رکھا ہے جیسا کہ 17 ویں ایشین گیمس میں آج ہندوستان نے مزید دو برونز میڈل حاصل کرتے ہوئے تیسرے دن مجموعی طور پر 6 میڈلس حاصل کرلئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان سے تعلق رکھنے والی اسکواش کھلاڑی دیپیکا کو برونز میڈل حاصل ہوا ہے اور وہ ایسی پہلی ہندوستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جنہوں نے اسکواش میں میڈل حاصل کیا ہے۔ دیپیکا کو سیمی فائنل میں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی نیکول ڈیوڈ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ مرد زمرہ میں ہندوستان کیلئے سلور میڈل کا حصول یقینی ہوگیا ہے جیسا کہ سروو مرد زمرہ کے سنگلس کے فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے اور اس طرح وہ فائنل میں پہنچنے والے ہندوستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کیلئے میڈل حاصل کرنے والی دیپیکا پلیکل کو ٹاملناڈو حکومت نے 20 لاکھ نقد انعام دینے کا اعلان کردیا ہے کیونکہ وہ ہندوستان کیلئے ایشین گیمس میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ دیپیکا کے شاندار مظاہروں کی کھل کر ستائش کرتے ہوئے ٹاملناڈو کی چیف منسٹر جئے للیتا نے کھلاڑیوں کو تحریر کردہ مکتوب میں لکھا ہیکہ آپ نے پھر ایک مرتبہ ہمارے سر فخر سے اونچے کردیئے ہیں۔ ٹاملناڈو کی عوام کی جانب سے شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ ڈسمبر 2011ء میں جئے للیتا نے اعلان کیا تھا کہ جو کھلاڑی ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے ایشین گیمس میں میڈل حاصل کرے گا اسے 20 لاکھ روپئے کا انعام دیا جائے گا اور اس وعدہ کو پورا کرتے ہوئے جئے للیتا نے کہا ہیکہ دیپیکا کو 20 لاکھ روپئے انعام دیا جائے گا کیونکہ انہوں نے ملک کیلئے قابل فخر کامیابی حاصل کی ہے۔ جئے للیتا نے اپنے مبارکبادی کے پیغام میں اسکواش کھلاڑی دیپیکا پلیکل کے علاوہ ان کی کامیابی میں حصہ ادا کرنے والے ہر کسی کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہیکہ سب کے تعاون کی بدولت دیپیکا نے کامیابی حاصل کی ہے جو ملک کیلئے باوقار کامیابی ہے۔ دیپیکا کو سیمی فائنل مقابلہ میں نیکول کے خلاف 4-11 ، 4-11 ، 5-11 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ سروو نے ملیشیاء کے بینگ ہی کو 11-9، 11-4 ، 11-5 سے صرف 45 منٹوں میں شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ رواں ایشین گیمس میں ہندوستان 13 ویں مقام پر موجود ہے جسے ایک گولڈ اور 5 برونز میڈلس حاصل ہوئے ہیں جبکہ میڈلس کے حصول میں علاقہ کے سوپر پاور تصور کئے جانے والے ملک چین کا غلبہ ہے جس نے 41 میڈلس کے ساتھ پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ چین کو 17 گولڈ، 12 سلور اور 12 برونز میڈل حاصل ہیں۔ دوسرے مقام پر میزبان جنوبی کوریا 13 گولڈ میڈل کے مجموعی طور پر 35 میڈلس کے ساتھ دوسرے اور جاپان 7 گولڈ میڈلس کے ہمراہ مجموعی طور پر 28 میڈلس کے ساتھ تیسرے مقام پر فائز ہے۔ شوٹنگ میں راہی، انیسہ اور حنا نے بھی برونز میڈل حاصل کیا ہے جبکہ اس زمرہ میں چین کو سلور اور جنوبی کوریا کو گولڈ میڈل حاصل ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT