Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / اسکولی سطح پر 11 کی بجائے 14 کھلاڑیوں کی ٹیم ‘ سچن کی تجویز کو منظوری

اسکولی سطح پر 11 کی بجائے 14 کھلاڑیوں کی ٹیم ‘ سچن کی تجویز کو منظوری

ممبئی 9 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے افسانوی کرکٹر سچن تنڈولکر کی ایک تجویز کو ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن نے منظوری دیدی ہے ۔ سچن تنڈولکر نے اسکول کی سطح پر 11 کی بجائے 14 رکنی ٹیم بنانے کی تجویز پیش کی تھی ۔ ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن نے اب 14 رکنی ٹیم کی تجویز کو منظوری دیدی ہے جو اسکول کی سطح پر مقابلہ کریگی ۔ اس کا مقصد کرکٹ کو بچوں میں مقبولیت دینا ہے ۔ سچن کی اس تجویز پر پہلی مرتبہ گائیلس شیلڈ اور ہیرس شیلڈس ٹورنمنٹ میں انٹراسکول مقابلوں میں ہوگا ۔ ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری پی وی شیٹی نے بتایا کہ اسوسی ایشن نے اس تجویز کو منظوری دیدی ہے اور ہیرس شیلڈ و گائیلس شیلڈ ٹورنمنٹس میں اس پر عمل آوری ہوگی ۔ تجویز کے مطابق ہر ٹیم کو اپنے بہترین بلے بازوں اور بہترین بولرس کو میدان پر اتارنے کا موقع ملے گا اور یہ تمام 14 کھلاڑی میچ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ تمام کھلاڑیوں کو بولنگ کرنے کا موقع بھی دستیاب ہوگا ۔ موجودہ سیٹ اپ میں کسی بھی ٹیم میں 11 کھلاڑی ہی میچ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ممبئی اسکولس اسپورٹس اسوسی ایشن نے بھی اس تجویز پر عمل آوری سے اتفاق کرلیا ہے ۔ سب سے پہلے یہ تجویز ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب میں سچن تنڈولکر نے پیش کی تھی ۔ چند سال قبل اپنی سبکدوشی کے فوری بعد سچن نے یہ رائے ظاہر کی تھی ۔ معلوم ہوا ہے کہ اس تجویز کو کچھ دوسری ریاستوں نے بھی قبول کیا ہے جن میں ہریانہ بھی شامل ہے ۔ ان ریاستوں میں بھی اس نئے فارمٹ کو اختیار کیا جاسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT