اسکولی طلباء میں امتحانی پیاڈس کی تقسیم

شمس آباد ۔ /14 مارچ (سیاست نیوز) محمد اسد ٹی آر ایس میناریٹی سیل ڈسٹرکٹ سابق وائس پریسیڈنٹ نے ضلع پریشد ہائی اسکول بالاپور پہاری شریف میں دسویں جماعت کے طلباء میں امتحانی پیاڈس تقسیم کئے اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ طلباء ہمارے ملک کا مستقبل ہے ۔ انہیں بہتر تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے ماں باپ اور اسکول کا نام روشن کرنا چاہئیے ۔ تعلیم کے ذریعہ ہی ترقی ممکن ہے ۔ آج کے جدید دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل اور کمپیوٹر بھی ہر طالب علم کے لئے لازمی ہے ۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ دسویں کے امتحانات میں بہتر نشانات حاصل کریں اور گرمائی تعطیلات میں کمپیوٹر ،کھیل اور دیگر کسی بھی شعبہ میں تکنیکی تعلیم و مہارت حاصل کریں ۔ اس موقع پر محمد عبدالفہیم ، محمد غلام دستگیر ، بیریا کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔

ایچ ایم ڈی اے کی آمدنی 300 کروڑ روپئے کرنے کا نشانہ
عنقریب کھلی اراضی و پلاٹس کا ہراج ، کمشنر ٹی چرنجیولو کا بیان

حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے بہت جلد کھلی اراضیات و پلاٹس کاہراج کیا جائے گا اور اس ہراج کے ذریعہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے 300 کروڑ کی آمدنی حاصل کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے 12سال بعد کھلے پلاٹس کے ہراج کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں 16 مارچ کو اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر ایچ ایم ڈی اے مسٹر ٹی چرنجیولو نے بتایا کہ طویل مدت کے بعد ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے اپنی اراضیات کی ہراج کے ذریعہ فروخت کا فیصلہ کیا گیا ہے اورحیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تیار کئے گئے وینچرس میں موجود پلاٹس کی فروخت ہراج کے ذریعہ عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ جو پلاٹس ہراج کے ذریعہ فروخت کئے جائیں گے ان میں مختلف انکم گروپس کے لئے موجود پلاٹس شامل ہیں اور اس کی تفصیلات اعلامیہ میں موجود رہے گی۔بتایاجاتاہے کہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے بنائے گئے 237پلاٹس میں 146 پلاٹس جو کہ اب تک مخلوعہ ہیں انہیں بھی ہراج کیا جائے گا کیونکہ یہ ترقی دیئے گئے وینچر میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ ان پلاٹس میں مختلف سائز کے پلاٹس موجود ہونے کے سبب اس ہراج میں بھی تمام انکم گروپس سے تعلق رکھنے والے افراد حصہ لے سکتے ہیں۔ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس مرتبہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے کئے جانے والے ہراج میں خریدار نہ صرف شہری حدود میں پلاٹس کا انتخاب کرسکتے ہیں بلکہ وہ مضافاتی علاقوں میں موجود پلاٹس کی خریدی کا بھی فیصلہ کرنے کے مجاز ہوں گے۔بتایاجاتا ہے کہ ایچ ایم ڈی اے نے اپنے 13 لے آؤٹس میں 146 پلاٹس کی فروخت کا فیصلہ کیا ہے اور یہ لے آؤٹس گوپن پلی‘ سرورنگر‘ چندا نگر‘ میلاردیوپلی‘ تیلا پور‘ نلا گنڈلہ کے علاوہ نیک نام پور میں موجود ہیں۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جملہ 237 کھلے پلاٹس کو ہراج کے ذریعہ فروخت کیا جائے گا جو کہ 1لاکھ 24ہزار مربع گز اراضی ہوگی۔

 

TOPPOPULARRECENT