اسکولی طلبہ کیلئے ’’بغیربستہ کا دن‘‘ حکومت کی سنجیدگی، عمل آوری دشوار کن

جاریہ تعلیمی سال سے عمل کیلئے احکامات کی اجرائی پر غور، اسکولی بیاگس کے وزن کا بھی تعین

حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے طلبہ پر بستوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں جاری مشاورت کے دوران اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ طلبہ کو مہینہ میں ایک یوم ’’بغیر بستہ کا دن‘‘ قرار دیا جائے تاکہ طلبہ کو اسکول بیاگ لیکر جانا نہ پڑے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے محکمہ تعلیم کو دی گئی ہدایات پر محکمہ تعلیم نے کافی غور و خوص کے بعد یہ تجویز تیار کی ہے کہ طلبہ کو بغیر بستہ کا دن فراہم کیا جائے اور اس دن کوئی نصابی کتب اسکول لیجانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ تلنگانہ میں اسکولوں کی جانب سے کی جانے والی کئی من مانیوں کے خلاف حکومت سے کی جانے والی شکایات پر محکمہ تعلیم نے سنجیدہ اقدامات کئے جانے لگے ہیں لیکن اس کے باوجود ان پر عمل آوری دشوار ہوتی جا رہی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اسکولو ںمیں نصاب کے علاوہ سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں مہینہ میں ایک یوم بغیر بستہ کا قرار دیئے جانے کے متعلق غور کیا جانے لگا ہے۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق ریاست کرناٹک میں اس منصوبہ پر گذشتہ تعلیمی سال سے یہ طریقہ کار اختیار کیا جا چکا ہے اور اس طریقہ کار کے سبب کرناٹک کے اسکولی طلبہ میں نصابی تعلیم کے علاوہ دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے کے رجحان میں زبردست اضافہ دیکھا جانے لگا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں جاریہ تعلیمی سال کے دوران ہی اس سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے متعلق غور کیا جا رہا ہے کہ لیکن اس کے ساتھ ساتھ سابق میں طلبہ کے بستوں کے وزن کے سلسلہ میں جاری کئے گئے احکامات پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ سابق میں م محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق پہلی اور دوسری جماعت کے متعلم طلبہ کیلئے 1.5کیلو سے زیادہ کا بستہ نہ رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی جبکہ تیسری تاپانچویں جماعت کے طلبہ کیلئے بستہ کے وزن کو 3کیلو سے زیادہ نہ رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی اسی طرح چھٹویں اور ساتویں جماعت کے طلبہ کیلئے بستہ کے وزن کی حد 4کیلو مقرر کی گئی تھی اور آٹھویں اور نویں جماعت کے طلبہ کیلئے بستہ کا وزن 4.5کیلو سے زیادہ نہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے دسویں جماعت کے طلبہ کے بستہ کے وزن کو 5 کیلو تک رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن ان ہدایات پر مؤثر عمل آوری نہ ہونے کی شکایات معمول بنی ہوئی ہیں جسے دور کرتے ہوئے مہینہ میں ایک دن ’’بغیربستہ‘‘ کرنے کے متعلق غور کیا جا رہاہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT