Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / اشون، جڈیجہ نظرانداز، دھون کی واپسی

اشون، جڈیجہ نظرانداز، دھون کی واپسی

نئی دہلی 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کے لئے ہندوستانی ٹیم میں پھر ایک مرتبہ سینئر اسپنرس کی جوڑی رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون سلیکٹروں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتک اور فاسٹ بولر شردل ٹھاکر کو ٹیم میں طلب کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں علیل اہلیہ کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز میں شرکت سے محروم رہنے والے اوپنر شکھر دھون کی ونڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ حالانکہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کھیل چکے ہیں۔ کارتک جوکہ آخری مرتبہ ہندوستان کے لئے جولائی میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر نمائندگی کی تھی اور وہ چمپئنس ٹروفی کا بھی حصہ تھے، انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔ معلنہ ٹیم سے جن اہم ناموں کو نظرانداز کیا گیا ہے، اِن میں اوپنر کے ایل راہول بھی شامل ہیں۔ جبکہ اسپن شعبہ میں کلدیپ یادو، یوزیندر چہل اور اکشر پٹیل موجود ہیں جس کی وجہ سے اشون اور جڈیجہ کو منتخب نہیں کیا گیا ہے حالانکہ وہ فی الحال رانجی ٹروفی میں اپنی اپنی ریاستی ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔ فاسٹ بولر ٹھاکر جنھوں نے سری لنکا میں ہندوستان کی حالانکہ نمائندگی کی تھی، لیکن آسٹریلیا سیریز کے لئے ان کے مقام پر اومیش یادو کو شامل کیا گیا تھا لیکن اب یادو کے مقام پر دوبارہ انھیں طلب کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT