Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کا اعلان

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کا اعلان


عوام سے آج کلکٹریٹس و آر ڈی او دفاتر کا گھیراؤ کرنے سی پی آئی تلنگانہ یونٹ کی اپیل

حیدرآباد 4 اکٹوبر ( این ایس ایس ) مرکزی سی پی آئی کمیٹی کی ترغیب پر تلنگانہ سی پی آئی ریاستی یونٹ کے سکریٹری سی ایچ وینکٹ ریڈی نے آج عوام سے کہا کہ وہ کل پیر کو ضلع کلکٹریٹس اور آر ڈی او دفاتر پر احتجاجی دھرنے منظم کریں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ حکومت سے اشیائے ضروری کی قیمتوں میں زبردست اضافہ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کریں۔ آج اپنے ایک بیان میں سی پی آئی ریاستی سکریٹری نے کہا کہ ریاستی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تمام اشیائے ضروریہ خط غربت سے نچلی زندگی گذارنے والوں اور عام آدمی کو بھی سربراہ کرے ۔ یہ اشیا عوامی نظام تقسیم سے رعایتی قیمتوں پر فراہم کی جانی چاہئیں ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ عوامی نظام تقسیم کو مزید مستحکم کرنے کی بجائے ریاستی حکومت موجودہ سسٹم کو ہی کمزور کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت خط غربت سے نچلی زندگی گذارنے والوں کو اس زمرہ سے نکالنے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں اس سہولت سے محروم کیا جاسکے ۔ سی پی آئی لیڈر نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت قیمتوں پر قابو پانے کیلئے قانون سازی کرے اور عوامی نظام تقسیم میں بھی ضروری ترامیم کی جائیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کالا بازاریوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سختی سے اقدامات کرے اور مارکٹوں میں اشیائے ضروریہ کی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ورکنگ کلاس طبقہ اور وائیٹ کالر ملازمین کی آمدنی میں معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن مہنگائی نے ان کی بھی کمر توڑ کر رکھدی ہے ۔ افراط زر کی شرح میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے عام آدمی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جب کبھی خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ریاستی حکومتیں بھی فیول کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر رہی ہیں اور اس کا راست اثر اشیائے خورد و نوش کی منتقلی اور ان کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT