Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اضافی فنڈز کیلئے چندر شیکھر راؤ کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات متوقع

اضافی فنڈز کیلئے چندر شیکھر راؤ کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات متوقع

حیدرآباد 13 فبروری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج دہلی کے ایک دواخانہ میں اپنے دانتوں کا علاج کروایا ۔ چیف منسٹر 8 فبروری کو دہلی گئے ہیں اور وہاں دانتوں کے کسی مرض کا علاج کر وا رہے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ دو یا تین دن میں حیدرآباد واپس ہونگے ۔ کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرس نے انہیں دو دن تک مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے ۔ امکان ہے کہ چندر شیکھر راؤ مرکزی وزرا سے ملاقات کرینگے اور ان سے تعاون کی اپیل کرینگے تاکہ مرکز سے مختلف پراجیکٹس کیلئے بروقت فنڈز جاری ہوسکیں۔ یہ بھی قیاس کیا جا رہا ہے کہ چیف منسٹر ‘ وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کرینگے اور انہیں وقت ملتا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر ‘ وزیر اعظم کی بیرونی دورہ سے واپسی پر نریندر مودی سے ملاقات کرینگے ۔ اگر یہ ملاقات طئے ہوجاتی ہے تو چندر شیکھر راؤ وزیر اعظم پر زور دینگے کہ وہ ریاست کے اہم پراجیکٹس جیسے مشن بھاگیرتا ‘ مشن کاکتیہ ‘ آبپاشی پراجیکٹس ‘ فلاحی اسکیمات اور دیگر پروگراموں کیلئے خاطر خواہ فنڈز جاری کئے جائیں۔ حکومت تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی حکومت بھی مرکزی بجٹ سے خوش نہیں ہیں اور دونوں نے اپنی اپنی ریاستوں کیلئے مختص کئے گئے فنڈز پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ فنڈز ناکافی ہیں۔ دونوں تلگو حکومتوں کا کہنا ہے کہ جو فنڈز بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں وہ جاریہ پراجیکٹس اور ترقیاتی کاموں کیلئے کافی نہیں ہیں۔ اس پس منظر میں چندر شیکھر راؤ نریندر مودی سے ملاقات کرکے ریاست کیلئے فراخدلانہ فنڈز کی فراہمی پر زور دینگے ۔

TOPPOPULARRECENT