Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / اضلاع میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف گمراہ کن پوسٹر مہم

اضلاع میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف گمراہ کن پوسٹر مہم

تلنگانہ میں مختصر وقت میں کئی فلاحی کام انجام دئیے گئے ، وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کا بیان

تلنگانہ میں مختصر وقت میں کئی فلاحی کام انجام دئیے گئے ، وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/9ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے فلاحی اقدامات کے سبب عوام میں بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے مخالفین غیر ضروری الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں ٹی آر ایس حکومت سے عوام کو دور کرنے کیلئے ماوسٹوں کے نام پر پوسٹرس چسپاں کئے جارہے ہیں اور یہ مخالفین حکومت کی کارستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست نے اس قدر فلاحی اقدامات نہیں کئے جس طرح کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں ٹی آر ایس نے ملک میں مثال قائم کی ہے۔ حکومت کے برسر اقتدار آتے ہی وعدوں پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی اور فلاحی اسکیمات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دلتوں کیلئے 3ایکر اراضی کی فراہمی، غریبوں کو مکانات کی تعمیر اور وظائف کی تقسیم جیسی اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ضعیفوں، بیواؤں کا وظیفہ ماہانہ 200روپئے تھا جسے حکومت نے 1000 کیا ہے جبکہ معذورین کے وظیفہ کو 1500کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مستحق غریب فلاحی اسکیمات کے فوائد سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس حکومت پر تنقید کیلئے کوئی گنجائش نہیں لہذا عوام میں اسکیمات کے بارے میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں بجٹ کی فراہمی کوئی مسئلہ نہیں رہے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت پولیس کو عصری بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے۔ ہر پولیس اسٹیشن میں عصری آلات نصب کئے جائیں گے تاکہ جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک سے حاصل کی گئی تفصیلات کی بنیاد پر پولیس کو عصری بنانے کیلئے مناسب فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکومت محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ پولیس عملے کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT