Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / اضلاع کے تمام وقف انسپکٹرس اور عہدیداروں کا کل اہم اجلاس

اضلاع کے تمام وقف انسپکٹرس اور عہدیداروں کا کل اہم اجلاس

اوقافی جائیدادوں کو ریونیو ریکارڈ میں شامل کرنے کی مساعی
حیدرآباد ۔ 19۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے 21 ستمبر کو تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے وقف انسپکٹرس اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ اجلاس کا مقصد حکومت کی جانب سے شروع کردہ جامع اراضی سروے میں اوقافی جائیدادوں کو ریونیو ریکارڈ میں شامل کرنے کی مساعی کرنا ہے۔ تمام ضلع وقف انسپکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ضلع میں موجود اوقافی جائیدادوں کے بارے میں تفصیلات کے ساتھ موجود رہیں۔ ہر ضلع میں جائیدادوں اور اراضیات پر ناجائز قبضوں اور تنازعات کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کی جائے تاکہ متنازعہ اراضیات کے بارے میں وقف ریکارڈ کے ساتھ ریونیو حکام سے نمائندگی کی جاسکے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تمام وقف انسپکٹرس کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ اراضی سروے کے کام میں شریک ہوتے ہوئے اوقافی اراضیات کو ریونیو ریکارڈ میں شامل کریں۔ اگر کہیں بھی اوقافی جائیدادوں کے تنازعات ہوں تو ریکارڈ کے ذریعہ ریونیو حکام کو وقف بورڈ کے حق میں فیصلہ کرنے کی نمائندگی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جامع سروے کے ذریعہ اوقافی اراضیات کے تحفظ کا بہترین موقع ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مختلف نوعیت کی اراضیات کی نشاندہی کے لئے اس جامع سروے کا آغاز کیا ہے ۔ یہ سروے 15 ڈسمبر تک جاری رہے گا ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ اگر ریونیو حکام وقف بورڈ سے تعاون کریں تو قیمتی اراضیات کے تحفظ میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں وہ بہت جلد ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مال محمد محمود علی کے ساتھ اجلاس منعقد کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ اپنے تمام ریکارڈ اور تفصیلات کو سروے میں شامل عہدیداروں کے حوالے کرنے تیار ہے تاکہ ان کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کے اجلاس میں وقف انسپکٹرس کو سروے سے استفادہ کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے ذریعہ وقف ، انڈومنٹ ، بودھان اور زرعی اراضیات کی نشاندہی بآسانی ہوجائے گی ۔ سروے کی تکمیل کے بعد یہ طئے ہوجائے گا کہ ریاست میں کونسی اراضی کتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس سروے کے سلسلہ میں عام مسلمانوں میں شعور بیداری کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی اوقافی اراضیات کے سلسلہ میں سروے ٹیموں کو واقف کراسکیں۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ نے وقف انسپکٹرس اور دیگر عہدیداروں کی ٹیم کو گٹلہ بیگم پیٹ کا دورہ کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ غیر مجاز تعمیرات کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی اراضی پر تعمیرات کے سلسلہ میں انہیں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پولیس میں شکایت کے باوجود غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ انسپکٹر کو دورہ کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں 90 ایکر اراضی کا معاملہ وقف بورڈ کے حق میں آیا ہے اور بہرصورت اس اراضی کا تحفظ کیا جائے گا ۔ ایک طرف غیر مجاز قابضین اپنے دستاویزات کی جانچ کیلئے وقف بورڈ سے رجوع ہورہے ہیں لیکن دوسری طرف تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے درگاہ حضرات یوسفینؒ کی ملگیوں کے کرایہ جات کی وصولی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کرایہ کی وصولی میں متعلقہ عہدیداروں کی لاپرواہی پر برہمی ظاہر کی۔ حالیہ عرصہ میں درگاہ کی ملگیات سے کرایہ جات کی وصولی کم ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قبروں پر موجود دکانات کی برخواستگی کے فیصلہ کے بعد وقف بورڈ نے ان دکانات سے کرایہ وصول کرنا بند کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ کئی کرایہ دار اضافی کرایہ ادا کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ درگاہ حضرات یوسفین کے ملگیات کے کرایہ جات سے وقف بورڈ کو جو آمدنی تھی اس میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے رینٹ کلکشن ٹیموں کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے شہر کے عاشور خانوں کیلئے وقف بورڈ سے گرانٹ ان ایڈ کی اجرائی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے محرم کے دوران انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔

TOPPOPULARRECENT