Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / اظہرعلی 1000 رنز مکمل کرنے والے 5 ویں بیٹسمین

اظہرعلی 1000 رنز مکمل کرنے والے 5 ویں بیٹسمین

ملبورن 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں سنچری بنانے والے اظہر علی نے رواں سال کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پانچویں بیٹسمین بن گئے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف ملبورن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹسٹ میچ میں 139 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست اظہر علی رواں سال اب تک 11 میچوں کی 21 اننگز میں 1089  رنز بنا چکے ہیں اور اس سال پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔اس سال اظہرعلی نے تین سنچریاں اور چار نصف سنچریاں اسکور کیں اور ویسٹ انڈیز خلاف 302 رنز کی ناقابل شکست اننگز ان کی سب سے بڑی باری رہی۔پاکستان کی جانب سے محسن حسن خان، انضمام الحق ایک مرتبہ جبکہ یونس خان اور محمد یوسف دو مرتبہ ایک سال میں ہزار رنز بنانے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔حیران کن طور پر عظیم پاکستانی سابق بیٹسمین جاوید میانداد ایک مرتبہ بھی کیلنڈر ایئر میں ہزار رنز نہیں بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ محمد یوسف کے نام ہے جنہوں نے 2006 میں 11 میچوں میں 1788 رنز بنائے تھے جو ایک سال میں ٹسٹ کرکٹ میں بنائے گئے سب سے زیادہ رنز کا ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹوئنٹی20  ٹیم
کا اعلان
ویلنگٹن ۔27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20سیریز کیلئے 14رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا  اور سنٹر ل ڈسٹرکٹس کے بیٹسمین ٹام بروس اور آل راؤنڈر بین ویلر کو پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے لیکن  ٹم ساؤتھی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے جبکہ روس ٹیلر زخموں کے باعث سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔ معلنہ ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، کورے اینڈرسن، ٹرینٹ بولٹ، ٹام بروس، کولن ڈی گرینڈہوم، مارٹن گپٹل، لوکی فرگو سن، میٹ ہنری، کولن منرو، جیمز نیشام، لیوک رونکی ، مچل سینٹنر، ایش سودھی اور بین ویلر شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT