Friday , July 20 2018
Home / Top Stories / اعلیٰ تعلیم کے کورسس میں داخلوں کا انٹرنس اردو میں ہوگا

اعلیٰ تعلیم کے کورسس میں داخلوں کا انٹرنس اردو میں ہوگا

کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کا فیصلہ ، ماہِ مئی سے عمل آوری، ایمسٹ اور دیگر امتحانات شامل
حیدرآباد۔6۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے اقلیتوں اور اردو داں طبقہ کیلئے خوشخبری ہے کہ تمام پیشہ ورانہ کورسس میں داخلوں کا انٹرنس ٹسٹ اب اردو زبان میں ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے بعد تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے اعلیٰ تعلیم کے تمام کورسس کا انٹرنس امتحان اردو میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب تک انگریزی اور تلگو میں انٹرنس لکھنے کی اجازت تھی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی سرمائی اجلاس میں اقلیتوں کے حق میں جو اعلانات کئے تھے، ان میں اردو میں انٹرنس امتحان کا وعدہ بھی شامل تھا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اس مسئلہ پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد چیف منسٹر نے آئندہ تمام انٹرنس ٹسٹ تلگو و انگلش کے ساتھ اردو میں منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ اس سلسلہ میں کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کو درکار انفراسٹرکچر اور اسٹاف کے تقرر کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ لاکھوں اقلیتی طلبہ کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے بشرطیکہ وہ اردو میں امتحان لکھنے کے اہل ہوں۔ اردو میڈیم سے زیر تعلیم طلبہ کو اس سے فائدہ ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کے کورسس میں داخلہ کیلئے تمام انٹرنس ٹسٹ جو آن لائین منعقد کئے جاتے ہیں، ان کے اردو میں انعقاد کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ پرنسپل سکریٹری اعلیٰ تعلیم رنجیو آچاریہ ، تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین پاپی ریڈی نے دیگر حکام کے ساتھ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ کونسل کی جانب سے ابھی تک اعلیٰ تعلیم کے کسی بھی کورس کیلئے انٹرنس امتحان کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ لہذا ماہِ مئی میں ہونے والے امتحانات کو اردو میں لکھنے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے تحت ایمسٹ ، ای سیٹ ، آئی سیٹ ، ایڈ سیٹ ، پی جی ای سیٹ ، لا سیٹ ، پی آئی سیٹ امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں۔ پی ای سیٹ کے ماسیوا دیگر تمام امتحانات اس مرتبہ آن لائین منعقد کئے جائینگے ۔ پی ای سیٹ کیلئے تحریری امتحانات نہیں ہونگے۔ بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ انٹرنس امتحانات میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کرتے ہیں ۔ جاریہ سال سے آن لائین امتحانات کے انعقاد سے امیدواروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ اردو میں آن لائین انٹرنس امتحانات کی سہولت سے تلنگانہ میں اقلیتی امیدواروں کو استفادہ کا اہل بنانے باقاعدہ کوچنگ کے انعقاد کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں اقلیتی رضاکارانہ تنظیموں کو توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT