Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / افسانوی باکسر محمد علی کو تنفس کا عارضہ ، دواخانہ میں شریک

افسانوی باکسر محمد علی کو تنفس کا عارضہ ، دواخانہ میں شریک

رعشہ کے سبب علاج میں پیچیدگی ، قریبی ذرائع کا بیان
فینکس ۔ 3 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) باکسنگ کی دنیا کی افسانوی شخصیت محمد علی کو آج اسپتال میں شریک کردیا گیا ہے ۔ ان کی حالت سے باخبر دو افراد نے کہا کہ ان کی حالت قبل ازیں دو مرتبہ ہونے والی ابتر صحت سے کہیں زیادہ خراب ہے۔ انھیں فینکس کے اسپتال میں شریک کیا گیا ہے ۔ محمد علی سے قریبی ربط رکھنے والے دو افراد نے اسوسی ایٹیڈ پریس سے کہا کہ انھیں تنفس کا شدید عارضہ ہے جو رعشہ مرض کے سبب مزید پیچیدہ ہوگیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ محمد علی کی صحت ان کے خاندان کیلئے تشویش کا سببب بن گئی ہے ۔ ان افراد نے اپنی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کردیا کیونکہ وہ ان کے خاندان کی طرف سے یہ انکشاف نہیں کررہے تھے ۔ محمد علی کے ترجمان باب گنل نے کہاکہ افسانوی باکسر 74 سالہ محمد علی کا تنفس کے عارضہ کے سبب ایک نامعلوم دواخانہ میں علاج کیا گیا ۔ اب ان کی صحت ٹھیک ہے لیکن ایک مختصر مدت کیلئے وہ بدستور دواخانہ میں شریک رہیں گے۔ فینکس میں ہرونیوورولوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے ایک ڈاکٹر ابراہم لبرمین نے کہاکہ ’’محمد علی کی صحت کے بارے میں اخبارات میں جو بھی شائع ہوا ہے میں اس سے زائد اور کچھ نہیں کہہ سکتا‘‘ ۔ محمد علی کو حالیہ عرصہ بالخصوص 2015 ء کے اوائیل سے مختلف عارضوں کی شکایت پر کئی مرتبہ دواخانوں میں شریک کیا گیا تھا لیکن جب کبھی وہ عوام میں پہونچے بالکل صحتمند اور ہشاش باش نظر آیا کرتے تھے ۔ محمد علی تقریباً تین دہائیوں سے رعشہ سے متاثر ہیں اور 1986 ء میں اولمپک مشعل روشن کرتے وقت وہ پستی و نقاہت کے سبب گر پڑے تھے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ محمد علی کو اپنے باکسنگ کیرئیر کے دوران حریفوں کے شدید مکوں کی وجہ سے یہ عارضہ لاحق ہوا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT