Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / افسانوی بیٹسمین حنیف محمد کا انتقال، آئی سی سی کا اظہار تعزیت

افسانوی بیٹسمین حنیف محمد کا انتقال، آئی سی سی کا اظہار تعزیت

کراچی11 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق عظیم بلے باز حنیف محمد کراچی کے خانگی دواخانہ میں آج شام انتقال کر گئے۔ اس سے قبل دوپہر میں حنیف محمد کے انتقال کی خبر منظر عام پر آئی تھی لیکن بعد میں ان کے فرزند شعیب محمد نے ان کے انتقال کی تردید کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کے والد کے دل کی دھڑکن 6 منٹ تک بند رہنے کے بعد بحال ہوگئی اور وہ بقید حیات ہیں۔ تاہم اب آغا خان ہاسپٹل کے ترجمان اور خود شعیب محمد نے بھی حنیف محمد کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق پاکستانی کپتان اور آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل حنیف محمد کے انتقال پر رنج ظاہر کیا اور اپنے پیام تعزیت میں کہاکہ وہ کئی بیٹسمنوں کے لئے حوصلے کا محرک رہے۔ دوبئی میں آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حنیف محمد ہمیشہ ٹاپ کرکٹرس میں شامل رہے اور متعدد بیٹسمنوں کے لئے آئیڈیل تھے۔ 81 سالہ حنیف محمد پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور 2013 ء میں لندن میں ان کی سرجری ہوئی تھی۔ گزشتہ دنوں طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں حالت بگڑنے پر مصنوعی تنفس پر رکھا گیا تھا۔ شعیب محمد نے بتایا کہ حنیف محمد کو تین ہفتے قبل آغاخان اسپتال میں شریک کرایا گیا تھا۔ حنیف محمد 21 دسمبر 1934 کو جوناگڑھ میں پیدا ہوئے اور بعدازاں پاکستان منتقل ہوئے تھے۔

1952 سے 1969 کے دوران 55 ٹسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 12 سنچریوں کی مدد سے 43.98 کی اوسط سے رنز بنائے۔ہندوستان کے خلاف دہلی میں 16 اکتوبر 1952 کو ٹسٹ کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا اور پہلی ہی اننگز میں بحیثیت اوپنر 51 رنز بنائے تاہم اس میچ میں میزبان ہندوستان نے 70 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز پاکستان کے ان اولین کھلاڑیوں سے میں سے تھے جنہوں نے پاکستانی ٹیم کو ٹسٹ درجہ دلانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس وقت ٹسٹ درجہ سے نوازا گیا جب اُن کی ٹیم نے حنیف محمد کے قیمتی 64 رنز کی بدولت کراچی جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ میں میریلیبون کرکٹ کلب کے خلاف 288 رنز کا ہدف حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ حنیف محمد کو ان کے دور کے بڑے کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے، وہ دائیں اور بائیں دونوں ہاتھ سے بولنگ کرتے تھے جبکہ کئی مواقع پر وکٹ کیپر کے فرائض بھی انجام دیئے۔

پاکستان کی بیٹنگ ناکام ہوتی تھی تو حنیف محمد مرد آہن کی صورت کھڑے ہوتے اور اپنی لاجواب تکنیک کی بدولت آندھیوں سے ٹکرا جاتے تھے۔ حنیف محمد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں سر ڈان بریڈمین کے سب بڑے انفرادی اسکور کے ریکارڈ کو اپنے نام کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ برج ٹاؤن پر 16 گھنٹے کی طویل اننگز میں پاکستان کو شکست سے بچایا تھا جو تاریخ کے اوراق پر سنہری حرفوں میں درج رہے گی، ان کی یہ اننگز ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے طویل اننگز ہے جبکہ 40 سال گزرنے کے باوجود فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی بڑی اننگز ہے۔ اس اننگز میں انہوں نے 337 رنز بنائے تھے جو آج بھی پاکستان کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے کھیلی گئی سب سے بڑی اننگز ہے۔حنیف محمد کو ٹسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ٹرپل سنچری کا اعزاز حاصل تھا جس کو نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن مک کولم نے 2014 میں ہندوستان کے خلاف دوسری اننگز میں ٹرپل سنچری بنا کر اپنے نام کیا۔

TOPPOPULARRECENT