Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / افضل گرو کے فرزند کا شاندار تعلیمی مظاہرہ

افضل گرو کے فرزند کا شاندار تعلیمی مظاہرہ

سرینگر ۔11 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ حملے کے مجرم محمد افضل گرو کے فرزند غالب گرو نے جموںو کشمیر بورڈ امتحانات میں شاندار مظاہرہ کیا اور 500/474 نشانات حاصل کئے۔ انھیں دسویں جماعت کے امتحانات میں پانچ مضامین میں A1 گریڈ حاصل ہوا ہے ۔ انھوں نے سوپور میں واقع اپنے مکان پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تین سال قبل اُن کے والد کو پھانسی دیئے جانے تک بھی اُنھیں یہ معلوم نہ ہوسکا کہ آخر میرے والد کا جرم کیا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ 13 سال تک مجھے یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ میرے ابو آخر جیل میں کیوں ہیں، جب کبھی میں اُن سے ملنے جاتا تو مجھے یہی خیال ہوتا کہ شاید کسی شخصی رقابت یا ایسے ہی کسی معاملے میں اُنھوں نے کسی کو ہلاک کردیا ہو ، کیونکہ معروف کرائم شوز جیسے سی آئی ڈی اور کرائم پٹرول پر یہی دکھایا جاتا ہے ۔ پارلیمنٹ پر حملے کے وقت غالب گرو صرف دس ماہ کا تھا ، اُس نے دسویں جماعت کے امتحانات میں 95 فیصد نشانات کے ساتھ19 واں مقام حاصل کیا ہے ۔ غالب گرو نے کہاکہ میرے والد کے خلاف الزامات صحیح ہوں یا غلط لیکن یہ میرے دل و دماغ میں آگ لگا دیتے ہیں ۔ میں اکثر سوچتا ہوں کہ جنھوں نے یہ حملہ کیا تھا وہ سب ہلاک ہوگئے ، پھر میرے والد کس طرح زندہ بچے ؟ اور وہ کس طرح ملوث ہوسکتے ہیں؟ انھیں سمجھایا گیا کہ والد پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام تھا ۔ غالب گرو نے کہا اگر اُن دنوں مجھے خواب آور گولیاں مل جاتیں تو شاید میں انھیں آزماتا ۔ غالب گرو نے کہا کہ اُن کے والد نے اُسے مصائب اور اُلجھن کے حالات کا سامنا کرنا سکھایا ہے ۔ وہ اکثر مجھے دعاؤں کی تلقین کیا کرتے اور آج یہی میرا سہارا ہے ۔ مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں غالب نے کہاکہ اُن کی ماں جو تنہا اُن کی پرورش کررہی ہیں چاہتی ہیں کہ وہ ایک ڈاکٹر بنے لیکن اُن کے والد کی خواہش تھی کہ وہ اسلامک اسکالر بنیں۔ غالب کی والدہ تبسم نے کہاکہ اُن کا تعلق ایک معمولی گھرانے سے ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ اُن کا بیٹا بھی ایک سیدھی سادھی زندگی گذارے ، سیاست سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ۔ غالب گرو نے کہاکہ جیل میں اُن کے والد نے قرآن مجید کا نسخہ اور سائنس کی کتابیں بطور تحفہ دیں تھیں جنھیں اُنھوں نے محفوظ رکھا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT