Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / افغانستان اور آئرلینڈ بھی اب ٹسٹ کرکٹ کھیلیں گے!

افغانستان اور آئرلینڈ بھی اب ٹسٹ کرکٹ کھیلیں گے!

لندن ، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام)انٹرنیشنل کرکٹ میں تسلسل سے اچھی کارکردگی دکھانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے افغانستان اور آئرلینڈ کو ’’فل ممبرز‘‘ تسلیم کرتے ہوئے دونوں کو ’ٹسٹ اسٹیٹس‘ دے دیا ہے۔ جمعرات کو لندن میں آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں آئی سی سی بورڈ نے ٹسٹ ممبر شپ دینے پر دستخط کئے جس کے ساتھ ہی ٹسٹ کھیلنے والی ٹیموں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔ افغانستان اور آئرلینڈ کے بورڈز نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ ان کے اسٹیٹس کو اسوسی ایٹ سے ترقی دی جائے جس کی جمعرات کو اجلاس میں تمام اراکین نے منظوری دے دی۔ان دونوں ملکوں کے پاس پہلے سے ہی T20 اور ونڈے انٹرنیشنل (ODI) میچز کھیلنے کا درجہ موجود تھا۔یہ 2000ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کو ٹسٹ اسٹیٹس دیا گیا ۔ آخری مرتبہ بنگلہ دیش کو ٹسٹ ٹیم کا درجہ دیا گیا تھا۔ افغانستان میں کرکٹ کی تاریخ پرانی ہے اور فٹبال کے ساتھ ساتھ اس کھیل میں بھی افغان نوجوان کافی دلچسپی لیتے ہیں لیکن افغانستان کو اصل کامیابی اس وقت ملی جب 2011ء میں انہیں ونڈے انٹرنیشنل ٹیم کا درجہ ملا۔جنگ زدہ ملک ہونے کے باوجود افغان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے سبب انھیں دو سال بعد اسوسی ایٹ ملک کا درجہ دیا گیا۔ افغانستان نے ورلڈ کپ 2015ء اور ورلڈ ٹی20 میں بھی شرکت کی اور اپنے کھیل سے سب کو متاثر کر کے ٹسٹ کا درجہ حاصل کرنے کیلئے خود کو اہم امیدوار ثابت کردیا۔2007 ورلڈ کپ میں پاکستان کو شکست دے کر دنیا کو حیران کرنے والی آئرلینڈ کی ٹیم نے بھی تسلسل کے ساتھ اچھے کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور انگلینڈ سمیت کئی بڑی ٹیموں کو شکست دی جس کی بدولت وہ بھی ٹسٹ اسٹیٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کرکٹ میں سب سے پہلے ٹسٹ اسٹیٹس انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو دیا گیا تھا جنہوں نے 1877ء میں میلبرن کے تاریخی گراؤنڈ ایم سی جی پر پہلا میچ کھیلا تھا۔اس کے بعد 1889ء میں جنوبی افریقہ، 1928ء میں ویسٹ انڈیز، 1930ء میں نیوزی لینڈ، 1932ء میں ہندوستان، 1952ء میں پاکستان کو ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا درجہ دیا گیا۔ 30 سال بعد 1982ء میں سری لنکا کی ٹیم کو یہ درجہ دیا گیا۔ 1983ء کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو شکست دینے والی زمبابوے کی ٹیم کو 1992ء میں ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا حق دیا گیا اور پھر آٹھ سال بعد 2000ء میں بنگلہ دیش ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا حقدار قرار پایا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT