Wednesday , November 22 2017
Home / دنیا / افغانستان میں اجتماعی قبر دریافت

افغانستان میں اجتماعی قبر دریافت

مزار شریف۔16اگست (سیاست ڈاٹ کام) افغان پولس نے شمالی صوبہ سر پل کے مرزا اولانگ گاؤں میں اجتماعی قبر دریافت کی ہے جن میں کم از کم 36 لوگوں کو دفن کیا گیا تھا ۔ صوبائی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ عمانی نے آج بتایا کہ مرزا اولانگ گاؤں میں دو اجتماعی قبریں دریافت کی گئی ہیں، جن میں سے ایک میں 28 نعشیں ملی ہیں اور دوسری میں 8 نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ زیادہ تر مرنے والوں کے سر کٹے ہوئے ہیں۔ تمام ہلاک شدگان مرد ہیں جن میں آٹھ سے 15 سال کی عمر کے تین لوگ بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ مرزا اولانگ میں گزشتہ ہفتے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 62 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ ان میں سے زیادہ تر لوگوں کو سر کاٹ کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ ان دو قبروں کے علاوہ تیسری قبر کا بھی پتہ چلا ہے لیکن وہ طالبان کے مقبوضہ علاقے میں ہے ۔ سکیورٹی فورس مزید ایسی قبروں کی تلاش کر رہی ہے ۔ مقامی لوگوں نے آج حملے میں مارے گئے لوگوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی۔ افغانستان کے انسانی حقوق کمیشن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ طالبان اور دولت اسلامیہ (داعش) کے دہشت گردوں نے مل کر یہ حملے کئے ، اگرچہ وہ ایک دوسرے کے کٹر مخالف ہیں۔ تاہم، طالبان نے کمیشن کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یہ حملے اکیلے کیے ہیں اور کسی بھی شہری کو نہیں مارا ہے ۔ اسلامک اسٹیٹ نے پیر کو ایک بیان جاری کرکے حملے کی قیادت کرنے کا دعوی کیا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ حملے میں 54 شیعہ مسلمان مارے گئے ہیں۔ اولانگ سے فرار ہونے میں کامیاب ہونے والے عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے حملہ آوروں کے ہاتھ میں طالبان کے سفید اور داعش کا سیاہ پرچم دیکھا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT