Sunday , April 22 2018
Home / دنیا / افغانستان میں ہندوستان کے مثبت رول کی امریکہ نے ستائش کی

افغانستان میں ہندوستان کے مثبت رول کی امریکہ نے ستائش کی

واشنگٹن۔ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے افغانستان میں ہندوستان کے اہم رول کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ جنگ زدہ افغانستان میں معاشی ترقی اور سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے وہ ہندوستان کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کا منتظر ہے۔ افغانستان پر ایک کانگریشنل سماعت کے دوران امریکی نائب وزیر خارجہ جان سولیون نے سینیٹ کی فارین ریلیشنز کمیٹی کو بتایا کہ امریکہ اور ہندوستان، افغانستان میں معاشی اور انسانی بنیادوں پر مشترکہ طور پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ ہندوستان نے 2001ء سے افغانستان کو 3 بلین ڈالرس کی امداد دی ہے جبکہ گزشتہ سال ہندوستان نے افغانستان کے لئے ایک ترقیاتی معاہدہ کی شراکت داری پر بھی دستخط کئے ہیں جس کی اہم وجہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے تاہم مسٹر سولیون نے یہ بھی کہا کہ افغانستان بحران پر اس وقت تک مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکتا جب تک پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری پیدا نہ ہو۔
افغانستان میں ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والے
7 افسران برطرف
کابل۔ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دو افغان جنرلس اور فوج کے دیگر 5 افسران کو نہ صرف خدمات سے برطرف کردیا گیا ہے بلکہ ان پر اپنی ڈیوٹی انجام دینے میں کوتاہی کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے جو گزشتہ ہفتہ ایک فوجی اکیڈیمی پر کئے گئے خونریز حملہ سے متعلق ہے جہاں مذکورہ بالا افسران نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا تھا جس میں 11 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے دی اسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ تمام برطرف شدہ 7 افسران پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا جبکہ انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

TOPPOPULARRECENT