Thursday , June 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / افغانستان کو زمبابوے کیخلاف حیران کن شکست

افغانستان کو زمبابوے کیخلاف حیران کن شکست

بولاوایو۔7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوسرے مرحلے میں افغانستان کرکٹ ٹیم بڑے میچ کا دبائو برداشت کرنے میں ناکام رہی اور میزبان زمبابوے کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسے 2 رنز کی شکست ہوگئی یہ اس کی ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے۔ گروپ بی میں میزبان ٹیم بولاوایو میں صرف 196 رنز پر آئوٹ ہوئی ،برینڈن ٹیلر 89 اور سکندر رضا 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ زمبابوے کی آخری 6 وکٹیں اسکور میں صرف 32 رنز کا اضافہ کرسکیں اور ٹیم 43 اوورز میں ہی ڈھیر ہوگئی ،مجیب الر حمان اور راشد خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں افغان ٹیم بھی ایک موقع پر 33 اوورز میں 3 وکٹ پر 156 رنز بنا چکی تھی لیکن رحمت شاہ کے 69 اور محمد نبی کے 51 رنز پر آئوٹ کے بعد 177 رنز تک جاتے جاتے 21 رنز کے دوران 6 وکٹ گنوادیے۔ مجیب الرحمان اور دولت زردان نے اسکور 194 تک پہنچادیا ،فتح جب 3 رنز کی دوری پر تھی تو 50 ویں اوور کی تیسری گیند پر مجیب الرحمان 3 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ گروپ بی کے ایک میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہانگ کانگ کو 4 وکٹ سے شکست دی۔ ناکام ٹیم 91 پر آئوٹ ہوئی۔گروپ اے میں آئر لینڈ نے پاپا نیو گنی کو 4 وکٹ سے شکست دی۔

بوپارا پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے تیار
دبئی ۔7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے انگلش کرکٹر روی بوپارا نے ٹیم کی جانب سے فائنل کھیلنے کی صورت میں کراچی آنے پر رضامندی ظاہر کردی۔میڈیا سے گفتگو میں بوپارا نے کہا کہ لیگ میں سب ہی کھلاڑی بہترین مظاہرہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ٹیم منیجمنٹ اور ٹیم ایک خاندان کی طرح ہیں۔ پی ایس ایل کا معیار بہترین ہے اور شروع میں ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ لیگ میں دلچسپ مقابلے ہوں گے۔پرامید ہوں کہ ہم فائنل کھیلیں گے ، کوشش ہے کہ لیگ مرحلے میں پہلا مقام حاصل کریں گے اور پلے آفز کھیل کر کراچی جائیں، میں وہاں ضرور جاؤں گا لیکن یہ مناسب نہیں ہوگا کہ میں دوسرے کھلاڑیوں کو کراچی جانے پر قائل کروں، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT