Friday , December 15 2017
Home / ہندوستان / افغان فوجی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت

افغان فوجی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت

نئی دہلی 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج قندھار میں افغان فوجی اڈے پر گھناؤنے حملے کی پرزور مذمت کی اور ادعا کیاکہ دہشت گردوں اور اُن کی پناہ گاہوں کو بڑھاوا دینے والی مملکتوں کو فوری طور پر اُن کا صفایا کرنے کی کارروائی شروع کرنا ہوگا۔ وزارت اُمور خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ ہم آج پیش آئے دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہیں۔ ہندوستان کو افغانستان کے خلاف دہشت گردانہ تشدد میں اضافے پر گہری تشویش ہے۔ اُس ملک میں امن بحال کرنے کے لئے نئی نئی حکمت اختیار کی جارہی ہے اور بڑی کوششیں ہورہی ہیں۔ اس کے باوجود ایسے واقعات کا پیش آنا تشویش کی بات ہے۔ پکتیا اور غزنی میں اسی نوعیت کے حملے حال ہی میں پیش آئے تھے اور اب قندھار میں ایک اور حملے نے فکرمندی بڑھادی ہے۔ وزارت نے پاکستان کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جو مملکتیں دہشت گردوں اور اُن کی پناہ گاہوں کی سرپرستی کررہی ہیں، اُنھیں فوری طور پر اور بلا امتیاز اُن کا صفایا کرنا ہوگا۔

ہند ۔ روس فوجی مشقیں، آج سے انعقاد
نئی دہلی 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور روس 10 روز طویل زبردست جنگی مشقوں کی کل شروعات کریں گے جس میں پہلی مرتبہ اُن کی فوجیں، بحریہ اور فضائیہ حصہ لیں گے جو ملٹری روابط کو بڑھاوا دینے کی سعی ہے۔ اِس مشق کو ’’اندرا‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو روس میں منعقد کی جارہی ہے۔ جس میں دونوں ملکوں کی تینوں خدمات کی فورسیس کے درمیان بہتر ارتباط کے حصول پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہاکہ تینوں خدمات کی مشترکہ مشق دونوں اقوام کے بڑھتے روابط کی عکاسی رہے گی۔ اِس مشق سے باہمی اعتماد کو بڑھاوا ملے گا اور دونوں ملکوں کے مسلح افواج کے درمیان بہترین طریقوں کا ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ بھی ہوگا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ہندوستان کسی ملک کے ساتھ تینوں خدمات والی مشق میں حصہ لے رہا ہے جس میں نیوی، آرمی اور ایر فورس بڑے پیمانے پر مشغول ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT