Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / افغان کرکٹر شاہ پور زدران قاتلانہ حملہ میں محفوظ

افغان کرکٹر شاہ پور زدران قاتلانہ حملہ میں محفوظ

کابل، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے فاسٹ بولر شاہ پور زدران پر کابل میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا لیکن خوش قسمتی سے وہ اس اندوہناک حادثے سے بچنے میں کامیاب رہے۔ دارالحکومت کابل میں شاہ پور زدران ہفتہ کی رات بھائی کے ساتھ اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی اور واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فاسٹ بولر عالمی سطح پر افغانستان کے کامیاب کرکٹرز میں سے شمار کئے جاتے ہیں اور نیوزی لینڈ میں 2015ء ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے اختتامی اوورز میں میچ وننگ شاٹ لگا کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرا دیا تھا جو عالمی ایونٹ میں ان کی پہلی کامیابی تھی۔ حملے کے عزائم واضح نہ ہوسکے جبکہ ابھی تک کسی نے اس کی ذمے داری بھی قبول نہیں کی لیکن اس سے 2009ء میں پاکستان میں سری لنکن ٹیم کی بس پر حملے کی یاد تازہ ہوگئی جس کے بعد پاکستان میں عالمی کرکٹ کا انعقاد نہ ہو سکا۔ خاما پریس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ شاہ پور زدران پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی جاچکی ہے۔ حملے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر نے پُراعتماد انداز میں کہا کہ جنگ زدہ ملک افغانستان میں کرکٹ کو کوئی مسئلہ نہیں اور حتیٰ کہ طالبان بھی اس کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کو کرکٹ پسند ہے اور میں ایک کرکٹر ہوں، طالبان کرکٹر پر حملے نہیں کرتے۔ شاہ پور اور ان کے بھائی دونوں ہی حملے میں محفوظ رہے اور انہیں کوئی خراش تک نہیں آئی۔ ابھی تک افغان کرکٹر پر حملے کے تعلق سے اُن کے بورڈ نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

TOPPOPULARRECENT