Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / اقامتی اسکولس کے آغاز کیلئے مختلف زبانوں میں شعور بیداری مہم

اقامتی اسکولس کے آغاز کیلئے مختلف زبانوں میں شعور بیداری مہم

گیارہ اسکولی عمارتوں کو قطعیت ، حیدرآباد میں آٹھ اسکولوں کا قیام
حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے جون سے شروع ہونے والے 71 انگلش میڈیم اقامتی اسکولس کے کامیاب آغاز کو یقینی بنانے کیلئے مختلف زبانوں میں شعور بیداری مہم شروع کی گئی ہے۔ مختلف غیر سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے نہ صرف تمام اضلاع میں مہم کا آغاز کیا گیا بلکہ اردو، انگریزی اور تلگو زبان میں خصوصی پمفلیٹس اور پوسٹرس شائع کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ میناریٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی کے نائب صدر نشین عبدالقیوم خاں کی نگرانی میں سوسائٹی کے سکریٹری بی شفیع اللہ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن عمارتوں کے انتخاب اور طلبہ کے داخلوں کو یقینی بنانے کیلئے مساعی کررہے ہیں۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ تاحال 60اسکولوں کیلئے عمارتوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور اندرون ایک ہفتہ باقی 11 اسکولوں کی عمارتوں کو قطعیت دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 8 اسکولس قائم کئے جارہے ہیں جن میں 4 لڑکوں اور 4لڑکیوں کیلئے ہیں۔ حیدرآباد کے بعض علاقوں میں عمارتوں کے انتخاب کے سلسلہ میں دشواری کا سامنا ہے۔ سوسائٹی کو اسکولوں کے قیام کیلئے درکار عمارتیں دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بہادر پورہ، نامپلی، چارمینار، سعیدآباد، گولکنڈہ اور مشیرآباد علاقوں میں موزوں عمارتیں موجود ہیں تو اس کے مالکین سوسائٹی سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ ہر عمارت تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ کے سلسلہ میں آر اینڈ بی نے جو حد مقرر کی ہے اس سے زائد کرایہ مقرر کرنے کیلئے ضلع کلکٹرس کو اختیارات دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمارتوں کے مالکین سے معاہدات کو قطعیت دی جارہی ہے اور انہیں عمارتوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین نو کرتے ہوئے سوسائٹی کے حوالے کرنا ہوگا۔ جاریہ ماہ کے اختتام تک سوسائٹی ان عمارتوں میں طلباء و طالبات کیلئے درکار فرنیچر اور دیگر سہولتوں کو فراہم کردے گی۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد کے کئی نامور غیر سرکاری اداروں نے اسکیم کی کامیابی کیلئے رضاکارانہ خدمات کا پیشکش کیا ہے اور ان کے کارکن متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں سوسائٹی نے تقریباً 20 افراد کی خدمات حاصل کی ہیں جن میں بعض ریٹائرڈ عہدیدار شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤآن لائن درخواستوں کے ادخال کا افتتاح کریں گے۔ توقع ہے کہ ہفتہ یا پیر کے دن اس سلسلہ میں تقریب منعقد ہوگی۔ سوسائٹی نے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا سسٹم تیار کرلیا ہے اور اس کا تجرباتی مشاہدہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقررہ تعداد سے کم درخواستیں داخل ہوتی ہیں تو راست طور پر داخلہ دیا جائے گا۔ بی شفیع اللہ کے مطابق مساجد اور اہم مقامات پر اردو زبان میں پوسٹرس آویزاں کئے جائیں گے اور مسلم آبادیوں میں پمفلیٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ انہوں نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ انگلش میڈیم اقامتی اسکولس کی اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان اسکولوں میں تعلیمی معیار اور بنیادی سہولتوں کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اسٹاف بھی خواتین پر مشتمل ہوگا۔ لہذا سرپرستوں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو عبدالقیوم خاں اسکولس کی اسکیم کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں اور وہ سیاسی، سماجی اور مذہبی قائدین سے مسلسل ربط میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو پہلے مرحلہ میں درکار عہدوں کی تفصیلات سے آگاہ کردیا گیا ہے اور توقع ہے کہ کمیشن بہت جلد اعلامیہ جاری کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT