Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / اقامتی اسکولوں میں اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم کی ستائش

اقامتی اسکولوں میں اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم کی ستائش

مغربی بنگال حکومت کے سکریٹری اقلیتی بہبود پی بی سلیم کا دورہ اور معائنہ
حیدرآباد ۔14۔ نومبر (سیاست نیوز) مغربی بنگال حکومت کے سکریٹری اقلیتی بہبود پی بی سلیم نے آج اپنے عہدیداروں کے ہمراہ حیدرآباد میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتی طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی معیاری تعلیم فراہم کرنے کی ستائش کی۔ پی بی سلیم کے ہمراہ جوائنٹ سکریٹری اقلیتی بہبود شکیل اور ڈائرکٹر مدرسہ بورڈ مغربی بنگال عابد حسین موجود تھے۔ عہدیداروں نے اقامتی اسکول گرلز مشیر آباد اور سعید آباد بوائز کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے غریب اقلیتی طلبہ کیلئے معیاری سہولتوں اور طبی ضروریات کی تکمیل کے ساتھ کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کی ستائش کی۔ مغربی بنگال کے عہدیداروں نے اسکولوں میں طلبہ کی حفاظت اور سیکوریٹی کے انتظامات کو سراہا۔ عہدیداروں کی ٹیم نے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ سے ملاقات کرتے ہوئے ریکارڈ تعداد میں اسکولوں کے کم عرصہ میں قیام اور اس کے لئے بجٹ و دیگر تفصیلات حاصل کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ دورہ کے تاثرات سے چیف منسٹر مغربی بنگال کو واقف کرائیں گے اور وہاں اقلیتوں کیلئے اسی طرز پر اقامتی اسکولوں کے قیام کی سفارش کی جائے گی۔ عمر جلیل اور شفیع اللہ نے 206 اسکولوں کے قیام اور اس کیلئے تلنگانہ حکومت کے سنجیدہ اقدامات سے واقف کرایا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ میں سنجیدہ ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں ایک پارلیمانی وفد نے حیدرآباد کا دورہ کیا تھا جس میں شامل مغربی بنگال کے مسلم ارکان پارلیمنٹ نے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل سے اقامتی اسکولوں کی تفصیلات حاصل کیں جس کے بعد انہوں نے عہدیداروں کی ٹیم کو حیدرآباد روانہ کیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال حکومت بہت جلد اقامتی اسکولوں کے قیام کا فیصلہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT