Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتوں کو آٹو اسکیم ، 8 دسمبر کو درخواست گذاروں کی قرعہ اندازی

اقلیتوں کو آٹو اسکیم ، 8 دسمبر کو درخواست گذاروں کی قرعہ اندازی

ٹرانسپورٹ ، بینک عہدیداروں کے ساتھ اقلیتی کارپوریشن کا اجلاس
حیدرآباد۔/4ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے غریب خاندانوں کے 1000افراد کو آٹو رکشا فراہمی سے متعلق اسکیم پر عمل آوری کیلئے آج ٹرانسپورٹ اور بینک عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ اور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر، آر ٹی اے اور بینک عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں درخواستوں کی جانچ جلد مکمل کرنے کی خواہش کی۔ اس اسکیم کیلئے موصولہ 2500درخواستوں کو جانچ کیلئے آر ٹی اے سے رجوع کیا گیا ہے جو اس بات کا جائزہ لیں گے کہ آیا درخواست گذار پہلے ہی سے آٹو کا مالک تو نہیں۔ ٹرانسپورٹ عہدیداروں نے بتایا کہ ابھی تک 500 درخواستوں کی جانچ مکمل کرلی گئی ہے اور 7 ڈسمبر تک تمام درخواستوں کی جانچ مکمل کرلی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر 7ڈسمبر تک درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کرلیا جائے تو 8 ڈسمبر بروز منگل کو قرعہ اندازی کے ذریعہ امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ اسکیم پر عمل آوری کیلئے منتخب امیدواروں کی فہرست لیڈ بینک کو روانہ کی جائے گی جو مختلف بینکوں کو کوٹہ الاٹ کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ لیڈ بینک کے تحت آنے والے بینکوں کو فی کس 50کے حساب سے کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ وہ بینک اپنی برانچس کو یہ درخواستیں تقسیم کریں گے۔ امیدواروں کے رہائشی پتہ کے اعتبار سے برانچس کو درخواستیں روانہ کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ بینکوں نے درخواست گذاروں کی جانچ کیلئے کم از کم ایک ہفتہ کا وقت مانگا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عملے کے تعاون سے امیدواروں کی جانچ کی جائے گی اور قرض کی منظوری عمل میں آئے گی۔ اس اسکیم کے تحت 50فیصد رقم فینانس کارپوریشن بطور سبسیڈی جارے کرے گا جبکہ بینک 50فیصد رقم بطور قرض جاری کریں گے۔ تلنگانہ حکومت نے اس اسکیم پر جلد عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ درخواستوں کی جانچ اور دیگر ضروری اُمور کی تکمیل کیلئے کافی وقت صرف ہورہا ہے حالانکہ حکومت نے 11نومبر کو یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر اسکیم کے آغاز کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد مستحق امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل کرلیں۔ شہر اور رنگاریڈی میں اس اسکیم پر عمل آوری کے بعد اسے اضلاع میں بھی توسیع دی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT