Tuesday , December 11 2018

اقلیتوں کو ایس سی ، ایس ٹی کے مماثل مراعات

حکومت کے احکام ، مسابقتی امتحانات کی کوچنگ ، صنعتوں کا قیام وغیرہ اسکیم میں شامل

حیدرآباد ۔ 14 ۔مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتوں کو ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے مماثل مراعات فراہم کرنے کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر شیلندر کمار جوشی کے نام سے جاری کردہ جی او ایم ایس 16 میں 8 ایسی مراعات کی نشاندہی کی گئی جو ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو دی جارہی ہیں جو اقلیتوں کیلئے قابل عمل رہیں گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ اسمبلی اجلاس میں یہ وعدہ کیا تھا ۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی جن 8 اسکیمات کی نشاندہی کی گئی اور جن سے اقلیتی امیدواروں کو فائدہ ہوگا، ان میں مسابقتی امتحانات کی کوچنگ، اقلیتی وکلاء کو مالی امداد، اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس کا قیام ، اقلیتی بہبود فنڈ کی تشکیل ، ٹی پرائیڈ کے تحت اقلیتوں کو صنعتوں کے قیام میں مراعات ، اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے کسانوں کی مدد جیسی اسکیمات شامل ہیں۔ پیشہ ورانہ کورسس میں جس طرح ایس سی طلبہ کو خانگی اداروں میں کوچنگ فراہم کی جاتی ہے ، اسی طرز پر ایک ہزار اقلیتی طلبہ کو کوچنگ کا انتظام کیا جائے گا اور ہر طالب علم پر حکومت 25,000 روپئے خرچ کرے گی ۔ ایس سی طبقہ کے لا گریجویٹ کو ٹریننگ کیلئے مالی امداد دی جاتی ہے ، اسی طرح ہر ضلع سے 10 اور حیدرآباد سے 100 اقلیتی لا گریجویٹ کو مالی امداد دی جائے گی ۔ اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس حیدرآباد ، ورنگل ، نطام آباد اور محبوب نگر میں قائم کئے جائیں گے ۔ ہر سنٹر کے لئے 25 کروڑ روپئے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ سوشیل ویلفیر فنڈ کی طرز پر میناریٹی ویلفیر فنڈ قائم کیا جائے گا ۔ ٹی پرائیڈ اور ٹی آئیڈیا کے ذریعہ چھوٹی صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں 100 اقلیتی صنعت کاروں کو ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے مماثل رعایتیں دی جائیں گی۔ مائیکرو اریگیشن ، گرین ہاؤزیس کے قیام اور لینڈ ڈیولپمنٹ کیلئے چھوٹے اور متوسط اقلیتی طبقہ کے کسانوں کو ضلع کلکٹر کی جانب سے مختلف اسکیمات کے تحت رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔

اوپن یونیورسٹی ڈگری داخلے اہلیتی امتحان
حیدرآباد۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں ڈگری کورسیس میں داخلے ،عمر کی بنیاد پر اہلیتی امتحان کے ذریعہ دیا جاتا ہے۔ اس کے لئے فارم اور فیس کے ادخال کی آخری تاریخ میں 22 مارچ تک توسیع کی گئی اور امتحان 11 اپریل کو رکھا گیا۔ تین سالہ ڈگری دیگر یونیورسٹی کے مماثل ہے۔ داخلے کی معلومات اور رہنمائی کیلئے محمڈن انسٹیٹیوٹ، جلو خانہ لاڈ بازار پر رابطہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT