Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتوں کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کا جائزہ

اقلیتوں کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کا جائزہ

کارکردگی پر تبادلہ خیال ، محکمہ اقلیتی بہبود کی انچارج سکریٹری جی ڈی ارونا کا اجلاس
حیدرآباد۔/11اگسٹ، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی انچارج سکریٹری شریمتی جی ڈی ارونا نے آج اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سید عمر جلیل کی امریکہ روانگی کے سبب حکومت نے جی ڈی ارونا کو اقلیتی بہبود کی زاید ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے آج اپنی ذمہ داری سنبھالتے ہی اقلیتی بہبود کی مختلف اسکیمات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو تیقن دیا کہ وہ اسکیمات پر موثر عمل آوری اور خاص طور پر بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کریں گی۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن شفیع اللہ اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ساتھ سکریٹری نے مختلف اداروں کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے انہیں اقلیتی بہبود سے متعلق تمام اسکیمات کا اجمالی تعارف کرایا اور گزشتہ دو برسوں کے دوران ان پر عمل آوری کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اسکیمات کیلئے حکومت کی جانب سے بجٹ کی اجرائی ابھی باقی ہے جس کے سبب عمل آوری کی رفتار سُست ہوئی ہے۔ انہوں نے شادی مبارک، اسکالر شپ اور فیس باز ادائیگی اسکیمات پر موثر عمل آوری اور اس کے نتائج سے سکریٹری کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے اور حال ہی میں اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کمیشن آف انکوائری قائم کیا گیا جس کے صدرنشین ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار جی سدھیر ہیں۔ جلال الدین اکبر نے کہا کہ اقلیتوں کو مسابقتی امتحانات کی تیاری اور سرکاری ملازمتوں کے امتحانات کی کوچنگ کیلئے علحدہ اسٹڈی سرکل قائم کیا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسی بھی مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ان سے ربط قائم کریں۔ انہوں نے جاریہ ماہ کے اواخر سے شروع ہونے والے حج کیمپ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کو اس بات کی کوشش کرنی چاہیئے کہ عازمین حج کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انہیں حج کیمپ کی تیاریوں، مختلف کاموں کے سلسلہ میں ٹنڈرس کی طلبی اور حج ٹرمنل کے انتظامات سے واقف کرایا۔ ایس اے شکور نے کہا کہ جاریہ سال روزانہ 3فلائیٹس کی روانگی کے سبب حج ہاوز میں بیک وقت 1200 سے زاید عازمین روانہ ہوں گے اور ایک دن قبل 12سو سے زاید عازمین رپورٹنگ کریں گے اس طرح حج کمیٹی کو 2500 عازمین کیلئے انتظامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈرس کی طلبی کے ذریعہ کاموں کی بہتر انجام دہی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے اس بات کی خواہش کی کہ وہ خود انتظامات کا برسر موقع جائزہ لینا چاہتی ہیں۔ شریمتی جی ڈی ارونا نے 17اگسٹ کو حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ لینے اور اس کے بعد شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل کے معائنہ سے اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کے انتظامات میں اپنی شرکت کو خوش قسمتی تصور کرتی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ انہیں عازمین حج کی خدمت کا موقع ملے۔

TOPPOPULARRECENT