Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے نئی اسکیمات

اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے نئی اسکیمات

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا ترقیاتی منصوبہ ، اے کے خاں سے مشاورت
حیدرآباد۔/13اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے بعض نئی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں سے طویل مشاورت کے بعد ان سے خواہش کی کہ وہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں اور سماج میں اقلیتوں کی نمائندہ شخصیتوں سے مشاورت کے بعد حکومت کو تجاویز پیش کریں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اے کے خاں کے ساتھ بات چیت کے دوران چیف منسٹر نے اقلیتی بہبود کی کارکردگی اور خاص طور پر اسکیمات پر عمل آوری میں سُست رفتاری اور بجٹ کے مکمل خرچ میں ناکامی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اے کے خاں نے چیف منسٹر کو بعض تجاویز پیش کیں تاکہ محکمہ کو درکار عملے کے ساتھ مستحکم کرتے ہوئے تمام عہدیداروں کو جوابدہ بنایا جاسکے۔ اے کے خاں نے چیف منسٹر کو اندرون دو ہفتے تجاویز پیش کرنے سے اتفاق کیا۔ انہوں نے آج سکریٹری اقلیتی بہبود جی ڈی ارونا اور اقلیتی اداروں کے ذمہ داروں کے ساتھ طویل اجلاس منعقد کیا جس میں تمام اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اے کے خاں نے عہدیداروں پر واضح کیا کہ چیف منسٹر اقلیتی بہبود میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور محکمہ اقلیتی بہبود کو چاہیئے کہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے حکومت کو نئی تجاویز پیش کریں تاکہ ان پر عمل آوری ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر محکمہ کو مستحکم کرنا چاہتی ہے تاکہ بھلائی سے متعلق اسکیمات اور حکومت کے بجٹ کا مکمل خرچ ہوپائے۔ چیف منسٹر نئی اسکیمات کے علاوہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ ایس سی، ایس ٹی طبقات کی طرح اقلیتی طلباء و طالبات کیلئے اقامتی مدارس کے قیام کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے بہت جلد اقامتی اداروں کے قیام کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔ اے کے خاں نے اجلاس میں ہر اسکیم کے نتائج کا جائزہ لیا اور عہدیداروں سے بعض مزید تفصیلات طلب کی ہیں جو آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اقلیتی بہبود کو دیگر اداروں کی طرح کارکرد بنانے کیلئے کئی اصلاحات اور بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT