Monday , June 25 2018
Home / اضلاع کی خبریں / اقلیتوں کے احساس عدم تحفظ میں اضافہ

اقلیتوں کے احساس عدم تحفظ میں اضافہ

بی جے پی حکومت پر کانگریس قائد سید ارشد پاشاہ کی سخت تنقید

بی جے پی حکومت پر کانگریس قائد سید ارشد پاشاہ کی سخت تنقید
نظام آباد /7 جون (پریس نوٹ) قاضی سید ارشد پاشاہ ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس نے ملک کی کئی ریاستوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات اور مسلم اقلیتی جائدادوں کی تباہی پر مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ کہنا کہ ان کی حکومت کسی بھی طبقہ کے خلاف تشدد برداشت نہیں کرے گی، حقائق کی روشنی میں دروغ گوئی کے سواء کچھ نہیں ہے۔ انھوں نے ہریانہ کے اٹالی گاؤں میں ہوئے فرقہ وارانہ تشدد میں مسلمانوں کی جائدادوں کو نذر آتش کئے جانے اور وہاں کی ایک مسجد جہاں تعمیر و توسیع کا کام انجام دیا جا رہا تھا، سیلنڈرس کے دھماکوں کے ذریعہ اس کو شہید کئے جانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ہندوستان میں نہ صرف مسلم اقلیت بلکہ دیگر اقلیتوں میں بھی احساس عدم تحفظ بڑھتا جا رہا ہے۔ انھوں نے استفسار کیا کہ سیکولرازم اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دینے والی جماعتیں اس وقت کیا کر رہی ہیں؟۔ قائد کانگریس نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ آر ایس ایس، وی ایچ پی اور دیگر رجعت پسند تنظیمیں اگر درحقیقت محب وطن ہیں تو انھیں چاہئے کہ وہ اپنے عمل کا جائزہ لیں۔ اگر وہ فی الواقعی محب وطن ہیں تو انھیں ملک میں فرقہ پرستی، فسطائیت اور رجعت پسندی کے خلاف صف آراء ہونا پڑے گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی تمام سیکولر اور محبت وطن جماعتیں و تنظیمیں ملک کی موجودہ صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیں اور ہندوستانی قوم کے مفاد میں لائحہ عمل مرتب کریں۔

TOPPOPULARRECENT