اقلیتوں کے لئے مختص بجٹ کو مکمل استعمال کرنے کا مطالبہ

ہر ڈیویژن میں اردو اقامتی کالجس کے قیام پر زور، قانون ساز کونسل میں محمد فاروق حسین کا بیان

ہر ڈیویژن میں اردو اقامتی کالجس کے قیام پر زور، قانون ساز کونسل میں محمد فاروق حسین کا بیان

حیدرآباد /17 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے اقلیتوں کے لئے 1105 کروڑ بجٹ مختص کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مکمل بجٹ جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ انھوں نے کونسل میں بجٹ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو اکثر شکایت رہتی ہے کہ ان کے لئے مختص بجٹ کبھی مکمل جاری نہیں کیا گیا اور اگر بجٹ جاری ہوتا ہے تو اس کو استعمال نہیں کیا جاتا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے اقلیتی بجٹ سے صرف 437 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے، اس سال اگر مکمل بجٹ استعمال کیا گیا تو چیف منسٹر کا نام تاریخ میں سنہرے لفظوں میں لکھا جائے گا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اقلیتوں کے لئے انکم حد تین لاکھ روپئے مقرر کی جائے اور جو اقلیتی طلبہ پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان کی مکمل فیس حکومت برداشت کرے۔ علاوہ ازیں تلنگانہ میں منڈل سطح پر اردو اقامتی اسکولس اور ہر ڈیویژن میں اردو اقامتی کالجس کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ چھوٹے کاروبار سے وابستہ اقلیتوں کو بلاسودی قرض جاری کرتے ہوئے انھیں سود خوروں سے بچایا جائے۔ ہاکرس، حمال اورچھوٹے تاجروں کو بینکوں سے راست 20 ہزار روپئے قرض جاری کئے جائیں اور اس میں دس ہزار روپئے سبسیڈی دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ناگہانی اموات یا فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کے لئے ایس سی اور ایس ٹی کے طرز پر علحدہ بجٹ اور ہیڈآف اکاؤنٹ مقرر کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں طب یونانی کے کئی مسائل ہیں، 2006ء کے دوران نارائن گوڑہ میں 120 بستروں کا یونانی ہاسپٹل تعمیر کیا گیا، جس پر ساڑھے تین کروڑ روپئے خرچ کئے گئے، مگر اب تک اس کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی اور نہ ہی ہاسپٹل کی عمارت طب یونانی کے حوالے کی گئی، جب کہ حکومت کی جانب سے طب یونانی کو بجٹ کی ادائیگی میں بھی انصاف نہیں کیا جا رہا ہے، جس سے یونانی ادویات کی تیاری اور ریسرچ کے کام متاثر ہو رہے ہیں، لہذا اس کے بجٹ میں اضافہ کے لئے ہمدردی سے غور کیا جانا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز کے ’’راشٹریہ سواستھ‘‘ پروگرام کے تحت سارے ملک میں تقررات کئے جا رہے ہیں، تاہم تلنگانہ میں آیوش کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تقررات کئے گئے تو 300 یونانی ڈاکٹرس کی جائدادیں پُر ہوں گی۔ انھوں نے بتایا کہ صدر شفاخانہ نظامیہ جنرل ہاسپٹل میں برسوں سے سرجن کا پوسٹ اور نرسس کی 14 جائدادیں مخلوعہ ہیں، جب کہ دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کا فقدان ہے۔ انھوں نے حکومت سے خواہش کی کہ مذکورہ مسائل جنگی خطوط پر حل کئے جائیں۔ انھوں نے شادی مبارک اسکیم کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا۔
انھوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی طرز پر مسلمانوں کو بھی تین ایکڑ اراضی فراہم کی جائے اور سچر کمیٹی، رنگناتھ مشرا اور جسٹس سبرامنیم کمیشن کو بنیاد بناکر پولیس کانسٹبل کے تقررات میں مسلم امیدواروں کی قابلیت دسویں جماعت مقرر کی جائے۔ انھوں نے مسلمانوں کو جلد از جلد 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی کے دوران 4 فیصد تحفظات کو نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اردو کو دوسرا مقام حاصل ہے، مگر عمل آوری صفر کے برابر ہے۔ انھوں نے پبلک سروس کمیشن کے تحت کئے جانے والے تقررات میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کے طورپر قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT