Wednesday , September 26 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی اداروں میں بھی تقسیم کا عمل جاری

اقلیتی اداروں میں بھی تقسیم کا عمل جاری

اسپیشل سکریٹری عمر جلیل نے جائزہ لیا ۔ حکومت کو روانہ کی جانے والی رپورٹ پر تجاویز پیش

اسپیشل سکریٹری عمر جلیل نے جائزہ لیا ۔ حکومت کو روانہ کی جانے والی رپورٹ پر تجاویز پیش

حیدرآباد۔ /20مئی، ( سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل نے آج حج ہاوز نامپلی پہنچ کر اقلیتی اداروں کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ ریاست کی تقسیم اور 2جون کو دو علحدہ ریاستوں کے باقاعدہ قیام کے سبب اقلیتی اداروں کو بھی دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ تلنگانہ یوم تاسیس 2جون کو تین اقلیتی ادارے باقاعدہ طور پر دو ریاستوں میں کارکردگی کا آغاز کردیں گے۔حکومت نے 2جون کو جن اداروں کی تقسیم کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں اقلیتی فینانس کارپوریشن، اردو اکیڈیمی اور سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز شامل ہیں۔ سید عمر جلیل نے آج اردو اکیڈیمی، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور وقف بورڈ میں دفاتر، ملازمین کی تقسیم اور فائیلوں کی اسکیاننگ جیسے اُمور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ان محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ حکومت کو روانہ کردہ رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری تجاویز پیش کیں۔ حکومت نے تمام محکمہ جات کی تقسیم کا عمل 25مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے اور بیشتر اقلیتی ادارے کام کی تکمیل کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام اقلیتی اداروں میں فائیلوں کی اسکیاننگ اور زیراکس کا کام مکمل ہوچکا ہے۔

تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے متعلق فائیلوں کو علحدہ کردیا گیا جبکہ مشترکہ فائیلوں کی نقل دونوں ریاستوں میں موجود رہے گی۔ سید عمر جلیل نے حج ہاوز کے مختلف فلورس کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کیلئے مختص علحدہ دفاتر اور چیمبرس کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت کے دوران اس کام کی تکمیل کرلیں۔ اس موقع پر اسپیشل آفیسر وقف بورڈ و کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس) پروفیسر ایس اے شکور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن، ایم اے حمید چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ سید عمر جلیل نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کے ساتھ ملاقات میں وقف بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور حالیہ عرصہ میں وقف بورڈ کی جانب سے متولیوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ شیخ محمد اقبال نے انہیں وقف بورڈ کی کارروائیوں اور اس کے نتائج سے واقف کروایا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیشل سکریٹری نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ دیگر اقلیتی ادارے جیسے حج کمیٹی اور وقف بورڈ کی تقسیم کا عمل علحدہ ریاستوں کے قیام کے اندرون چھ ماہ مکمل کیا جائے گا۔ دائرۃ المعارف دونوں ریاستوں کے مشترکہ اثاثہ کے طور پر برقرار رہے گا جبکہ دونوں ریاستوں میں علحدہ اقلیتی کمیشن قائم کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT