اقلیتی اسکیمات پر عمل کیلئے 41کروڑ 48لاکھ روپئے جاری

اردو گھر و شادی خانوں کی تعمیر ‘اردو اکیڈیمی کو گرانٹ ان ایڈ ‘قرضوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم

اردو گھر و شادی خانوں کی تعمیر ‘اردو اکیڈیمی کو گرانٹ ان ایڈ ‘قرضوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم

حیدرآباد۔/7مارچ، ( سیاست نیوز) محکمہ فینانس نے مختلف اقلیتی اداروں کی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں41کروڑ 48لاکھ 45ہزار روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری فینانس ڈاکٹر ڈی سامبا سیوا راؤ نے چار علحدہ جی اوز جاری کئے۔ مالیاتی سال 2013-14 کے منصوبہ جاتی مصارف کے تحت یہ رقومات جاری کی گئی ہیں۔ جی او آر ٹی 664 کے تحت اردو اکیڈیمی، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور سروے کمشنر وقف کیلئے 38کروڑ 65لاکھ 25ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ اردو گھر؍ شادی خانے کی تعمیر کی اسکیم کے تحت 2کروڑ 50لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ اس اسکیم کے تحت جملہ 10کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے جس میں7کروڑ 50لاکھ روپئے پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں۔ اردو اکیڈیمی کو گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 3کروڑ 37لاکھ 75ہزار روپئے جاری کئے گئے جبکہ اس مد کے تحت بجٹ میں 15کروڑ 11لاکھ روپئے مختص کئے گئے تھے۔ 11کروڑ 33لاکھ 25ہزار روپئے پہلے جاری کئے جاچکے ہیں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کیلئے 29کروڑ 62لاکھ 50ہزار روپئے جاری کئے گئے جبکہ اس اسکیم کیلئے اب تک 88کروڑ 87لاکھ 50ہزار روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ سروے کمشنر وقف کو گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 2کروڑ 75لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ مجموعی بجٹ میں 11کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے اور تاحال 8کروڑ 25لاکھ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔

اس طرح تینوں اداروں کیلئے جملہ 154کروڑ 61لاکھ روپئے بجٹ میں مختص کئے گئے تھے اور آج رقم کی اجرائی سے مکمل بجٹ جاری کردیا گیا۔جی او آر ٹی 663کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچین فینانس کارپوریشن کو 2کروڑ 32لاکھ 50ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ کرسچین فینانس کارپوریشن کو 25لاکھ اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کو گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 2کروڑ 7لاکھ 50ہزار روپئے جاری کئے گئے۔جی او آر ٹی 665کے تحت آندھرا پردیش حج کمیٹی کو گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 50لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ حج کمیٹی کو حکومت نے 2کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا تھا اور ابھی تک دیڑھ کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے۔ محکمہ فینانس سے حج کمیٹی کا مکمل بجٹ جاری ہوچکا ہے۔ جی او آر ٹی 662 کے ذریعہ دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کی امداد کے طور پر70ہزار روپئے جاری کئے گئے۔حکومت نے اس ادارہ کیلئے بجٹ میں 2کروڑ80لاکھ روپئے مختص کئے تھے اور ابھی تک 2کروڑ 10لاکھ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔اس طرح دائرۃ المعارف کا مکمل بجٹ جاری کردیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT