Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کا آج آغاز

اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کا آج آغاز

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حج ہاوز میں آن لائن سسٹم کا افتتاح کریں گے
حیدرآباد۔/9فبروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کل 10فبروری کو اقلیتی اقامتی اسکولس میں تعلیمی سال 2017-18 کے داخلوں کے سلسلہ میں آن لائن سسٹم کا آغاز کریں گے۔ حج ہاوز نامپلی میں اس سلسلہ میں تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ڈپٹی چیف منسٹر اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں سے متعلق تشہیری ویانس کو روانہ کریں گے اور اسکولوں میں فراہم کی جارہی سہولتوں پر مبنی نمائش کا مشاہدہ کریں گے۔ تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کیلئے جملہ 201 اقامتی اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جن میں 71 گزشتہ سال قائم کردیئے گئے۔ مجموعی اسکولوں میں لڑکیوں کیلئے 101 اور لڑکوں کیلئے 100 اسکولس رہیں گے۔ حکومت نے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہی داخلوں کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ والدین کو داخلوں کے سلسلہ میں اطمینان ہوجائے۔ 71 اقامتی اسکولس میں پانچویں جماعت میں داخلے ہوں گے اور چھٹی اور ساتویں جماعت کی مخلوعہ نشستوں کو پُر کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ 71اسکولوں میں 10فیصد نشستیں مخلوعہ ہیں۔ حکومت نے محکمہ تعلیم کے تحت چلنے والے 12 اسکولوں کو بھی اقامتی اسکولس سوسائٹی کے تحت کیا ہے۔ ان اسکولوں میں پانچویں تا دسویں جماعت تک کیلئے داخلے ہوں گے۔ جاریہ سال شروع ہونے والے 118 نئے اسکولوں میں پانچویں ، چھٹی اور ساتویں جماعت کیلئے داخلے دیئے جائیں گے۔ تمام داخلے آن لائن ہوں گے۔ اس کے علاوہ حج ہاوز میں ایک مرکز قائم کیا جارہا ہے جہاں سرپرستوں کی رہنمائی کی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اسکولوں میں داخلوں کی درخواستیں بھی تحریری طور پر قبول کی جائیں گی۔ اقامتی اسکولس سوسائٹی کے نائب صدر نشین اور حکومت کے مشیر اے کے خاں نے کہا کہ حکومت اقامتی اسکولس میں بہتر اور کارپوریٹ تعلیم فراہم کرنے کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کیلئے عمارتوں کی نشاندہی کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے ۔ اے کے خاں کے مطابق آن لائن انرولمنٹ کے سلسلہ میں بعض رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر اور معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ اقلیتی اقامتی اسکولس میں 2080 ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT