Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی اقامتی اسکولس کے چھ طلباء کا دورہ ناسا کے لیے انتخاب

اقلیتی اقامتی اسکولس کے چھ طلباء کا دورہ ناسا کے لیے انتخاب

ماہ مئی میں امریکہ روانگی ، محمد شفیع اللہ سکریٹری کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔19مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائے جانے والے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں زیر تعلیم 6 طلبہ و طالبات ناسا کے دورہ کیلئے ماہ مئی کے دوران امریکہ روانہ ہوں گے۔ جناب بی شفیع اللہ سیکریٹری تلنگانہ میناریٹیز ریسڈینشل ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی نے تعلیمی سال 2018-19 کے داخلوں کے سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔انہوںنے بتایاکہ اقلیتی اقامتی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے ان طلبہ وطالبات کا ناسا کے دورہ کیلئے انتخاب کیا جانا ادارہ کے لئے اعزاز ہے ۔تفصیلات کے مطابق آٹھویں اور نویں جماعت میں زیر تعلیم ان طلبہ نے آسٹرونومیکل سوسائٹی آف انڈیا کو اپنی جانب سے تیار کردہ پراجکٹ روانہ کیا تھا اور اس پراجکٹ سے متاثر ہوتے ہوئے آسٹرونومیکل سوسائٹی آف انڈیا نے ان طلبہ کو ناسا کا مشاہدہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔اقلیتی اقامتی اسکول گولکنڈہ بوائز میں آٹھویں جماعت میں تعلیم حاصل کر رہے سید ابراہیم علی‘ گولکنڈہ گرلز میں آٹھویں جماعت کی طالبہ مہوین محمدی‘ ابراہیم پٹنم گرلز میں نویں جماعت کی طالبہ صفاء مہین ‘ گجویل بوائز کے 7 ویں جماعت کے طالب علم فیروز حسین ‘ گجویل گرلز کی آٹھویں جماعت کی طالبہ مسکان تبسم اور شیر لنگم پلی بوائز کے آٹھویں جماعت کے طالبعلم فیروز احمد کا ناسا کے دورہ کیلئے انتخاب عمل میں آیا ہے اور یہ طلبہ ماہ مئی کے دوران امریکہ کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنے پراجکٹ کو پیش کرنے کے لئے ناسا میں خلائی سائنس کے متعلق معلومات حاصل کریں گے۔جناب بی شفیع اللہ نے بتایاکہ ریاستی حکومت کے زیر انتظام چلائے جانے والے ان اسکولوں کے طلبہ کا مطالعاتی دورہ کے لئے انتخاب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ سوسائٹی کی جانب سے اسکول کے طلبہ کو روبوٹیک سائنس سے واقف کروانے کے لئے سنگا پور کی کمپنیو ں سے مشاورت کا عمل جاری ہے اور بہت جلد سنگاپور کی کمپنیو ںکی جانب سے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں روبوٹیک سائنس لیباریٹری کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے اور ان لیباریٹریز میں ابتدائی معلومات کے حصول کے بعد دلچسپی رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کو مطالعاتی دورہ پر سنگاپور روانہ کرنے کے سے متعلق بھی غور کیا جا رہاہے ۔

TOPPOPULARRECENT