Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بجٹ میں اضافہ کا خیر مقدم ، چیف منسٹر سے اظہار تشکر

اقلیتی بجٹ میں اضافہ کا خیر مقدم ، چیف منسٹر سے اظہار تشکر

مسلم دوست حکومت کا ثبوت ، محمد محمود علی کا بیان
حیدرآباد۔15مارچ (سیاست نیو ز)اقلیتی بجٹ میں آٹھ سو کروڑ کے اضافے کے اعلان پر ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ الحاج محمد محمودعلی نے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کے پیش کردہ بجٹ کا خیر مقدم کیااور چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے بجٹ میںاقلیتوں کے لئے دوہزارکروڑ کی اجرائی کے اعلان کے ساتھ مسلمانوں میںخوشی کی لہر دوڑ گئی اور ٹی آر ایس پارٹی کے اقلیتی قائدین نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے میٹھائیاں تقسیم کیں۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد کے سی آر نے مسلمان طبقے کو تعلیمی و معاشی پسماندگی سے نکالنے کا عزم مصمم کیا تھا جس پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہوتے ہوئے وہ اپنے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے میں مصروف ہیں ۔ اقلیتی بجٹ میں متواتر اضافہ اور ریزیڈنشیل اسکولس اس کی واضح مثال ہے۔ ایسی مسلم دوست حکومت اور مسلم دوست چیف منسٹر کے علاوہ ملک کی تاریخ میں نہ کسی ریاست میں آیا ہے نہ آئے گا۔ محمد محمود علی نے مزید بتایا کہ مسلمان طبقہ چیف منسٹر کے ان اقدامات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ نائب وزیر اعلی نے تلنگانہ کو ہر شعبہ حیات میںترقی میں فارورڈ قرار دیا اور سابقہ حکومتوں کے بجٹ کا تقابل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقتدار میں 1.35 کروڑ پوری ریاست کا بجٹ ہوا کرتا تھا جب کہ1.74 کروڑ ریاستی بجٹ کے ساتھ تلنگانہ ملک کی سب سے خوشحال اور پرامن ریاست ہے جس کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے ۔ ریاست کے بعد اب ملک کی عوام کو ان کی قیادت کی ضرورت ہے تا کہ ملک بھر میں خوشحالی آ سکے ۔اور تلنگانہ کے کسانوں کی صحت کیلئے خاص بجٹ مختص کئے جانے کے بعد ملک کے تمام کسانوں کی نظریں کے سی آر کی جانب ہیں اگر چیف منسٹر ملک کے وزیر اعظم ہوں گے تو ملک میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات بندہو جائیں گے اور مہا راشٹرا میں کسانوں کے عظیم احتجاج جیسے واقعات کا اعادہ نہیں ہوگا۔ نائب وزیر اعلی نے بتایا کہ اپنے بے نظیر کا رناموں کے ذریعے چیف منسٹر نے ملک کے عام و خاص کے دلوں میں جگہ بنالی ہے اوراب عوام انہیں ملک کی باگ ڈور سوپنے کیلئے موزوں قائد مانتے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT