Friday , September 21 2018
Home / Top Stories / اقلیتی بہبود بجٹ 5000 کروڑ کریں

اقلیتی بہبود بجٹ 5000 کروڑ کریں

سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا وعدہ وفا کریں
: عامر علی خاں کا خطاب :
مسلم تحفظات کے سلسلہ میں مرکز کے فیصلہ کی اطلاع ملتے ہی نیوز ایڈیٹر ’ سیاست‘ جناب عامر علی خاں نے تحفظات تحریک میں شامل شخصیتوں کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیتوں نے شرکت کی۔ جناب عامر علی خاں جو مسلم تحفظات تحریک کے روح رواں ہیں اور تحریک کے دباؤ کے تحت ہی حکومت کو اسمبلی میں بل کی منظوری پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جناب عامر علی خاں سے شخصی طور پر وعدہ کیا تھا کہ وہ مرکز سے عدم منظوری کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع ہوں گے۔ جناب عامر علی خاں نے اجلاس کو بتایا کہ اب وقت آچکا ہے کہ چیف منسٹر اپنے وعدہ کی تکمیل کے سلسلہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مرکز کے فیصلہ کے بعد کے سی آر سپریم کورٹ سے رجوع ہوں گے؟۔ اگر وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کیلئے آمادہ ہیں تو انہیں عوام میں کھل کر اس کا اظہار کرنا چاہیئے۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ تحفظات کے خلاف مرکز کے متوقع فیصلہ کے بعد کے سی آر حکومت کے پاس فی الوقت دو راستے بچ گئے ہیں یا تو سپریم کورٹ سے 12 فیصد کی منظوری حاصل کرنی ہوگی یا مسلمانوں کو تحفظات کے بجائے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کے ذریعہ مطمئن کیا جاسکتا ہے۔ مالیاتی سال2018-19 کے بجٹ کو قطعیت دی جارہی ہے اور محکمہ اقلیتی بہبود نے 2500 کروڑ سے زائد کی سفارشات پیش کی ہیں۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ کے سی آر اگر اقلیتوں کے بجٹ کو 5000 کروڑ کرتے ہیں تو مسلمانوں میں تحفظات کی عدم فراہمی پر ناراضگی کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اب جبکہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کی تیاری میں جُٹ چکی ہیں لہذا مسلمانوں کو ٹی آر ایس کے ساتھ برقرار رکھنے کیلئے کے سی آر کے پاس مذکورہ بالا دو ہی راستے بچے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT