Thursday , October 18 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بہبود میں 66 جائیدادوں کی فائیل چیف منسٹر کو روانہ

اقلیتی بہبود میں 66 جائیدادوں کی فائیل چیف منسٹر کو روانہ

درکار اہلیت اور عمر کی حد کا تعین،تحفظات سے استثنیٰ کی مساعی: عمر جلیل
حیدرآباد۔/16ڈسمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 جائیدادوں پر تقررات کی فائیل مختلف محکمہ جات سے منظوری کے بعد چیف منسٹر کو روانہ کردی گئی ہے۔ چیف منسٹر سے کلیرنس ملتے ہی تقررات سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ حکومت نے تقررات کے سلسلہ میں تلنگانہ اردو اکیڈیمی کو نوڈل ایجنسی مقرر کیا ہے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے مشاورت کے بعد امتحانی طریقہ کار اور دیگر شرائط و ضوابط کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اعلان کے مطابق 60 دن میں تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے اعلان کے بعد ایک ماہ کی مدت میں محکمہ اقلیتی بہبود میں لیگل اور فینانس سے منظوری حاصل کرلی ہے اور اب چیف منسٹر کی دستخط باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 66 جائیدادوں میں 6 جائیدادیں اسسٹنٹ ڈائرکٹر رتبہ کی ہوں گی جبکہ 60 جائیدادیں اردو آفیسرس کی رہیں گی۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے عہدہ کیلئے پوسٹ گریجویشن تک قابلیت لازمی قرار دی گئی ہے اور اردو زبان بحیثیت مضمون کے ساتھ گریجویشن کی تکمیل کرنی ہوگی اور ایس ایس سی تک تلگو بحیثیت مضمون لازمی ہوگا۔ اردو آفیسرس کیلئے تعلیمی قابلیت گریجویشن معہ اردو کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ امیدواروں کی عمر 18تا44 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔ تقررات کے سلسلہ میں کسی قانونی رکاوٹ سے بچنے کیلئے رولس اور ریزرویشن کو شامل کیا گیا ہے۔ تاہم چیف منسٹر سے روسٹر سسٹم سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر ان عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں روسٹر سسٹم سے استثنیٰ دیں گے۔ عمر جلیل کے مطابق 200 نشانات پر مشتمل امتحانی پرچہ رہے گا جس میں 100 نشانات کا آبجیکٹیو ٹائپ شامل ہوگا جس کا مقصد امیدوار کی جنرل نالج اور دیگر قابلیت کا پتہ چلانا ہے۔ دیگر 100نشانات میں ترجمہ کی صلاحیت کا امتحان رہے گا۔ اردو سے تلگو، تلگو سے اردو اور انگلش ترجمہ کی صلاحیت کی جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر عہدوں کیلئے انٹرویو رکھا جائے گا جس کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ امتحانات کی جانچ کیلئے بھی خصوصی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے عہدے چیف منسٹر، اسپیکر اسمبلی، صدر نشین قانون ساز کونسل جیسے اہم دفاتر میں ہوں گے جبکہ اردو آفیسرس کی جائیدادیں وزراء کے دفاتر اور تمام ضلع کلکٹریٹس میں رہیں گی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر پولیس حیدرآباد کے دفاتر میں بھی عہدیداروںکا تقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کیلئے192کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT