Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بہبود کمیٹی کا آج درگاہ بڑا پہاڑ دورہ

اقلیتی بہبود کمیٹی کا آج درگاہ بڑا پہاڑ دورہ

حیدرآباد ۔ 9 ۔  نومبر  (سیاست نیوز) اسمبلی کی اقلیتی بہبود کمیٹی کل 10 نومبر کو نظام آباد ضلع میں درگاہ حضرت سعد اللہ حسینیؒ بڑا پہاڑ کا دورہ کرتے ہوئے اوقافی اراضی کے تحفظ کے اقدامات کرے گی۔ کمیٹی اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے مشاورت کرسکتی ہے تاکہ 711 ایکر اوقافی اراضی کا تحفظ کیا جائے جس پر محکمہ جنگلات نے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ مقننہ کمیٹی درگاہ کے انتظامات کا بھی جائزہ لے گی اور وقف آمدنی میں اضافہ کے امکانات پر مجاوروں اور مقامی افراد سے مشاورت کرے گی ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ  نے بتایا کہ درگاہ کے تحت 711 ایکر اراضی کا وقف بورڈ میں ریکارڈ موجود ہے۔ 1958 ء کے کتاب الاوقاف کے علاوہ 1960 ء اور 1969 ء کے گزٹ میں اوقافی جائیداد کا تذکرہ موجود ہے ۔ برخلاف اس کے محکمہ جنگلات 1964 ء کے اعلامیہ میں اسے جنگلاتی زمین قرار دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کا ماننا ہے کہ درگاہ کے تحت صرف 18 ایکر اراضی موجود ہے ۔ مقننہ کمیٹی اس سلسلہ میں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے بھی مشاورت کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے کمیٹی تجاویز پیش کرے گی ۔ فی الوقت درگاہ کے انتظامات عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کے تحت ہے اور مجاوروں کی کمیٹی کو معطل کیا گیا ہے ۔اس فیصلہ کے بعد وقف بورڈ کی آمدنی میں کافی کمی واقع ہوچکی ہے۔ مقننہ کمیٹی کے دورہ کے موقع پر درگاہ کی ترقی کے پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا جس کے تحت زائرین کیلئے کئی عصری سہولتوں کی فراہمی کا منصوبہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT