Tuesday , December 18 2018

اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کا مشورہ

اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری سے چیرمین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی ملاقات
حیدرآباد۔ 8مئی (سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی ایس مدھوسودن چاری نے تلنگانہ حکومت کی اقلیتی بہبود اسکیمات پر موثر عمل آوری کا مشورہ دیا ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین سید اکبر حسین نے اسپیکر اسمبلی سے ملاقات کی اور ریاست میں اقلیتی بہبود سے متعلق اسکیمات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ عمل کی جارہی اسکیمات اور اس کے فوائد کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کی بھلائی کے لئے جو اقدامات کئے ہیں اس کی مثال کوئی ریاست پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ غریب مسلمانوں کو چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لیے مائیکرو فینانس اسکیم متعارف کیا جارہا ہے۔ اس اسکیم کے ذریعہ لاکھوں غریب اقلیتی خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ اسپیکر اسمبلی نے سید ا کبر حسین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیمات پر موثر عمل آوری میں اپنا حصہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کے ذریعہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد مثالی اقدام ہے۔ اقلیتوں کے لیے 200 اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں تاکہ تعلیمی پسماندگی دور ہوسکے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن نے اسپیکر اسمبلی سے خواہش کی کہ وہ اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں وقتاً فوقتاً رہنمائی کریں۔

TOPPOPULARRECENT