Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بہبود کی کارکردگی کا جائزہ لینے آج اجلاس

اقلیتی بہبود کی کارکردگی کا جائزہ لینے آج اجلاس

اسکیمات کی عمل آوری کا جائزہ لینا اہم مقصد : ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی

حیدرآباد۔19 فبروری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اقلیتی بہبود کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کل 20 فبروری کو اعلی سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس کے انعقاد کا مقصد اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ اور جاریہ سال بجٹ کے خرچ کی معلومات حاصل کرنا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تمام اقلیتی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے ادارے کی اسکیمات اور بجٹ خرچ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشورنے تمام اداروں سے رپورٹ حاصل کرلی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں مستقل سکریٹری کی کمی کے باعث اسکیمات پر عمل آوری متاثر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال بجٹ کے خرچ میں بھی محکمہ کا مظاہرہ حوصلہ افزا نہیں رہا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اقلیتی بہبود کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی چیف منسٹر کو اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا ۔ وقف بورڈ، اردو اکیڈیمی، حج کمیٹی، اقلیتی اقامتی اسکولوں، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور دیگر اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اسکیمات پر تیزی سے عمل آوری کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی جائیں گی۔ محکمہ اقلیتی بہبود کو عہدیداروں کی کمی کا سامنا ہے اور مستقل سکریٹری کے علاوہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود اور بعض دیگر عہدوں پر مستقل عہدیدار موجود نہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ دیگر محکمہ جات سے عہدیداروں کو ڈیپوٹیشن پر حاصل کیا جائے۔ وقف بورڈ کی کارکردگی کوبہتر بنانے کے لیے محکمہ مال سے عہدیداروں کو وقف بورڈ میں تعینات کرنے کی تجویز ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ جائزہ اجلاس میں اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کا مسئلہ بھی زیر غور رہے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT