Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی بہبود کے بجٹ کی تیاری، دانا کشور کا عہدیداروں کیساتھ اجلاس

اقلیتی بہبود کے بجٹ کی تیاری، دانا کشور کا عہدیداروں کیساتھ اجلاس

حیدرآباد۔/6جنوری، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے اقلیتی بہبود کے تمام اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے آئندہ سال بجٹ کی تیاری پر بات چیت کی۔ دانا کشور نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ درکار بجٹ کی تجاویز بروز پیر دوپہر تک داخل کردیں تاکہ حکومت کو پیش کیا جاسکے۔ بجٹ کو قطعیت دینے کیلئے چیف سکریٹری نے 8 جنوری کو اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ جاریہ سال اقلیتی بہبود کا بجٹ 1249کروڑ 46 لاکھ تھا اور تیسرے سہ ماہی تک 596 کروڑ 82 لاکھ جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالیاتی سال بجٹ میں ہر اقلیتی ادارہ کو 10 فیصد کا اضافہ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکول سوسائٹی کیلئے بجٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ اسکولوں میں مستقل اساتذہ کے تقررات کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ توقع ہے کہ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں مجموعی طور پر 500 تا 700 کروڑ کا اضافہ ہوگا۔ چیف سکریٹری کے اجلاس میں قطعی صورتحال منظر عام پر آئے گی۔ دانا کشور نے اردو اکیڈیمی، اقلیتی فینانس کارپوریشن، حج کمیٹی اور ڈائرکٹوریٹ اقلیتی بہبود کے تحت عمل کی جارہی اسکیمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اسکیمات پر موثر عمل آوری پر توجہ دی جانی چاہیئے۔ اجلاس میں سکریٹری ؍ ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ کے علاوہ تمام اداروں کے عہدیدار شریک تھے۔

TOPPOPULARRECENT