Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلباء کے اسکالر شپس کی مکمل رقومات کی اجرائی

اقلیتی طلباء کے اسکالر شپس کی مکمل رقومات کی اجرائی

اقلیتی طلباء کے اسکالر شپس کی مکمل رقومات کی اجرائی
اسمبلی میں وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس تلنگانہ مسٹر ای راجندر نے کہا کہ طلباء بالخصوص اقلیتی طلباء وغیرہ کے اسکالر شپس کی مکمل رقومات جاری کردی گئیں ہیں ۔ لیکن یہ ممکن ہے کہ متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے رقومات کی تقسیم عمل میں نہیں لائی گئی ہوگی تاہم انہوں نے اس بات کا واضح طور پر تیقن دیا کہ اگر اقلیتی طلباء کے اسکالر شپ ( گذشتہ تین سال سے ) رقومات جاری نہ کئے گئے ہوں تو ان تمام رقومات کی فی الفور ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ آج یہاں تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پر ہوئے مباحث کا اختتام عمل میں آنے کے بعد مباحث کا جواب دیتے ہوئے وزیرفینانس نے کہا کہ تلنگانہ حکومت بجٹ میں مختص کی جانے والی رقومات کے منجملہ کم از کم 80 فیصد رقومات خرچ کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ جب کہ سابق کانگریس حکومت میں جو رقومات بجٹ میں مختص کی جاتی تھیں ان میں زیادہ تر حصہ خرچ ہی نہیں کیا جاتا تھا ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ مختلف طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے تلنگانہ حکومت نے زائد از 86 فیصد رقومات خرچ کئے ۔ وزیر موصوف نے سابق کانگریس حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق کانگریس حکومت میں صرف وعدے اور جمع خرچ کی باتیں کی جاتی تھیں ۔ لیکن عملی اقدامات صرف برائے نام ہو کر رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج جب کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل نہیں ہے تو ہر ایک طبقہ کی فلاح و بہبود پر اپوزیشن کانگریس توجہ دینے کے لیے کوشاں دکھائی دے رہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT