Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسیس کی کوچنگ کیلئے اسکریننگ ٹسٹ

اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسیس کی کوچنگ کیلئے اسکریننگ ٹسٹ

س700 سے زائد طلبہ کی شرکت، اے کے خاں، شاہنواز قاسم اور ایس اے شکور نے معائنہ کیا

حیدرآباد۔/12مئی، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسیس کوچنگ کے سلسلہ میں دوسرے بیاچ کا اسکریننگ ٹسٹ آج تلنگانہ کے 9 مراکز پر منعقد کیا گیا۔ نامور خانگی کوچنگ سنٹرس میں سیول سرویسیس کوچنگ کیلئے 725 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں ان میں سے 100امیدواروں کا انتخاب کیا جائیگا جنہیں آر سی ریڈی، لاء ایکسلینس، برین ٹری، انالاگ اور حیدرآباد اسٹڈی سرکل میں پریلمس اور مینس امتحان کی کوچنگ دی جائے گی۔ ڈائرکٹر سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی اور سرکاری ملازمتوں میں ان کے تناسب میں اضافہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 2019 کے سیول سرویسس امتحانات کیلئے اسکریننگ ٹسٹ حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد، کریم نگر، محبوب نگر، عادل آباد، نلگنڈہ، سنگاریڈی اور ورنگل میں منعقد ہوا۔ نظام کالج حیدرآباد کے امتحانی مرکز کا حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) نے معائنہ کیا۔ انہوں نے لڑکیوں کی کثیر تعداد میں شرکت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ مسابقتی امتحانات میں اقلیتی نوجوانوں کا رجحان حوصلہ افزاء ہے۔ اقلیتی نوجوانوں کو مایوسی اور احساس کمتری کے بجائے سنجیدگی سے سخت محنت کے ذریعہ بہتر نتائج حاصل کرنے چاہیئے۔ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی اور ملازمتوں میں نمائندگی میں اضافہ کے سلسلہ میں اے کے خاں کی مساعی کو سراہا گیا۔ اسکریننگ ٹسٹ میں حاصل کردہ نشانات اور گریجویشن کے 25 فیصد نشانات ملاکر 100 امیدواروں کا میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا جائیگا۔ کوچنگ 10ماہ پر مشتمل ہوگی۔ شہر اور اضلاع کے امیدواروں کو اسٹائیفنڈ دیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پہلے بیاچ کے امیدواروں کا امتحان جون میں مقرر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پہلے بیاچ کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست میں یہ اپنی نوعیت کی منفرد اسکیم ہے جس میں حکومت اپنے خرچ پر سیول سرویس کی کوچنگ کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیول سرویسیس میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ کیلئے یہ منفرد اسکیم شروع کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT