اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس امتحانات کی کوچنگ

حیدرآباد۔/18فبروری ، ( سیاست نیوز ) سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز

حیدرآباد۔/18فبروری ، ( سیاست نیوز ) سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز
(CEDM) کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسس امتحانات کی کوچنگ فراہم کرنے سے متعلق اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس انفرادی اسکیم کے تحت پہلی مرتبہ ریاست بھر سے 100اقلیتی طلبہ کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں سیول سرویسس امتحانات 2014 کیلئے کسی معیاری ادارہ میں کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس) اور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسکیم کی تفصیلات کی بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیول سرویسس میں اقلیتی طلبہ کی کم نمائندگی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اس اسکیم کو منظوری دی ہے تاکہ سیول سرویسس میں اقلیتی طبقہ کی نمائندگی میں اضافہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ ریاست بھر سے 100امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ان امیدواروں میں مسلم، عیسائی، سکھ، بدھسٹ، پارسی اور جین شامل ہوں گے۔ حیدرآباد کے کسی معیاری ادارہ میں ان امیدواروں کو چھ ماہ کی کوچنگ دی جائے گی اور ان کی کوچنگ کے اخراجات سی ای ڈی ایم کی جانب سے برداشت کئے جائیں گے۔ ادارہ نے بعض نامور کوچنگ سنٹرس سے کوٹیشن طلب کیا ہے اور ان میں سے کسی بہتر ادارہ کا انتخاب کیا جائے گا۔

شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ اسکریننگ ٹسٹ میں 75% نشانات اور ڈگری میں 25%نشانات کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ڈگری کی تکمیل کرنے والے امیدوار ہی کوچنگ کے اہل ہوں گے۔ امیدواروں یا ان کے سرپرستوں کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ سے زائد نہ ہو۔ سی ای ڈی ایم کی جانب سے سابق میں اسی طرح کی کوچنگ سے استفادہ کرنے والے امیدوار اہل نہیں ہوں گے۔ خواتین کیلئے 33%اور جسمانی معذورین کیلئے 3% تحفظات حاصل رہیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 2014سیول سرویسس امتحانات کی کوچنگ کے خواہشمند امیدواروں کو 25فبروری سے قبل ریاست کے 10مراکز پر درخواست داخل کرنی چاہیئے۔ یہ مراکز حیدرآباد، کرنول، گنٹور، وشاکھاپٹنم، نظام آباد، کریم نگر، محبوب نگر، ورنگل، کڑپہ اور میدک میں قائم ہیں۔ سی ای ڈی ایم کی ویب سائٹ سے راست طور پر درخواست ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکریننگ ٹسٹ 2مارچ کو صبح 11تا ایک بجے دن حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک حیدرآباد میں کوچنگ کے سلسلہ میں 62درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس منفرد کوچنگ سے استفادہ کیلئے اقلیتی طلبہ آگے آئیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت نے حیدرآباد، کڑپہ اور چتور میں سی ای ڈی ایم کے 3اسٹڈی سرکلس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد کا اسٹڈی سرکل توقع ہے کہ آئندہ 20دن میں قائم ہوجائے گا۔ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سیول سرویسس کی کوچنگ کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت نے 70لاکھ روپئے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ شیخ محمد اقبال نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ اقلیتی بہبود اور تعلیمی ترقی سے متعلق اسکیمات سے خاطر خواہ طور پر استفادہ کریں۔ پریس کانفرنس میں نوین نکولاس منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT