Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کوچنگ کی فراہمی میں ناکامی پر اظہار افسوس

اقلیتی طلبہ کو سیول سرویس کوچنگ کی فراہمی میں ناکامی پر اظہار افسوس

کمیٹی کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت ، اقلیتی بہبود کمیٹی اجلاس میں غور و خوص
حیدرآباد ۔ 20۔ جولائی (سیاست نیوز) اقلیتی بہبود کمیٹی نے جاریہ سال اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز کوچنگ کی فراہمی میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے کہا کہ سیول سرویسز امتحانات کیلئے 4 ہفتے باقی ہیں، ایسے میں اقلیتی طلبہ کیلئے کوچنگ کا آغاز کب ہوگا؟ عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے بہتر کوچنگ سنٹرس کی نشاندہی کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں کلکٹر حیدرآباد راہول بوجا اور آئی پی ایس عہدیداران اکون سبھروال اور تفسیر اقبال شامل ہیں۔ اس کمیٹی کو دو ہفتہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن تین ماہ گزرنے کے باوجود آج تک رپورٹ پیش نہیں کی گئی جس کے باعث سیول سرویسز کوچنگ کیلئے منتخب 62 طلبہ کا کسی ادارہ میں داخلہ نہیں ہوسکا۔ سیول سرویسز کے امتحانات اگست کے دوسرے ہفتہ میں مقرر ہیں ، ایسے میں اگر کوچنگ کا آج بھی آغاز کیا جائے تو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ کمیٹی کے ا رکان نے رائے ظاہر کی کہ جاریہ سال اس اسکیم پر بہرصورت عمل کیا جائے تاکہ آئندہ سال آغاز میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ اقلیتی بہبود کمیٹی نے سہ رکنی عہدیداروں کی کمیٹی کو کل تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی طرح حج کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران بتایا گیا کہ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کو تقریباً 1000 عازمین کا زائد کوٹہ الاٹ ہوسکتا ہے۔ ایرانی عازمین کی عدم روانگی کے سبب حکومت سعودی عرب نے وہاں کے کوٹہ کو مختلف ممالک میں تقسیم کردیا جس کے تحت ہندوستان کے حصہ میں 20,000 عازمین کا کوٹہ آیا ہے ۔ توقع ہے کہ 17000 کا کوٹہ سنٹرل حج کمیٹی کو الاٹ ہوگا جسے تمام ریاستوں میں تقسیم کیا جائے گا ۔ تلنگانہ حج کمیٹی زائد کوٹہ کے عازمین کی خدمات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT