Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی فینانس کارپوریشن سے مربوط سبسیڈی کی اجرائی مایوس کن

اقلیتی فینانس کارپوریشن سے مربوط سبسیڈی کی اجرائی مایوس کن

ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم پر عمل مایوس کن ، آل انڈیا مسلم تھنک ٹینک اسوسی ایشن کی درخواست پر تفصیلات کا انکشاف
حیدرآباد۔/2فبروری، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے گزشتہ 4 برسوں میں بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی اجرائی اور ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم پر عمل آوری کی رفتار مایوس کن رہی۔ آل انڈیا مسلم تھنک ٹینک اسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی درخواست پر منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے گزشتہ چار برسوں میں اسکیمات پر عمل آوری کی تفصیلات روانہ کی۔ 2014-15 سے 2017-18 تک بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ بجٹ مکمل خرچ نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت مختلف کورسیس میں تربیت کی رفتار بھی سُست رہی۔ کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2014-15 میں حکومت نے 82کروڑ 40 لاکھ روپئے سبسیڈی اسکیم کیلئے مختص کئے تھے جس میں 24 کروڑ 69 لاکھ جاری کئے گئے۔ کارپوریشن کو 34341 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 10544 کی یکسوئی کرتے ہوئے 80 کروڑ منظور کئے گئے جبکہ 3301 درخواست گذاروں کو 24 کروڑ 69 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب مابقی درخواستوں کو سبسیڈی جاری نہیں کی جاسکی۔ 2015-16 میں 87.40 کروڑ بجٹ میں 27.70 کروڑ جاری کئے گئے۔ کارپوریشن نے 3669 امیدواروں میں یہ رقم جاری کی جبکہ اس سال جملہ ایک لاکھ 53 ہزار906 درخواستیں داخل کی گئیں۔ 2016-17 اور 2017-18 میں آن لائین درخواستیں طلب نہیں کی گئیں اور پرانی درخواستوں میں پہلے سال8436 درخواست گذاروں میں 68.99 کروڑ اور جاریہ سال 2439 درخواست گذاروں میں 20.70 کروڑ جاری کئے گئے۔ ٹریننگ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت2014-15 میں 1.58 کروڑ خرچ کئے گئے جبکہ متواتر تین برسوں میں علی الترتیب 8.70 کروڑ ، 4.58کروڑ اور 3.31کروڑ خرچ کئے گئے۔ سبسیڈی اسکیم کے تحت ایم پی ڈی او کی جانب سے پہلے سال 25456 درخواستیں مسترد کی گئیں جبکہ 2015-16 میں 524 درخواستوں کو مسترد کیا گیا۔ اسکیمات کے سلسلہ میں شعور بیداری کیلئے ایک بھی کیمپ منعقد نہیں کیا جاسکا کیونکہ اس کیلئے بجٹ میں گنجائش نہیں ہے۔ کارپوریشن کی نئی اسکیمات کے سلسلہ میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT