Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی فینانس کارپوریشن سے 342 نوجوانوں کو کار کی فراہمی

اقلیتی فینانس کارپوریشن سے 342 نوجوانوں کو کار کی فراہمی

60 فیصد سبسیڈی اور ڈھائی لاکھ کا قرض، تین سال میں ذاتی کار: مینجنگ ڈائرکٹر ایم اے وحید
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن سے 342 مسلم اقلیتی نوجوانوں اون یوور کار اسکیم کے تحت سوئفٹ ڈیزائیر کار فراہم کی جائے گی جسے وہ اوبیر کمپنی کے تحت چلا سکیں گے ۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید آئی ایف ایس نے بتایا کہ محکمہ فینانس نے سبسیڈی کی رقم کی اجرائی سے اتفاق کرلیا ہے ۔ 15.39 کروڑ سبسیڈی کی اجرائی کیلئے محکمہ فینانس سے احکامات جاری کئے گئے اور بہت جلد محکمہ اقلیتی بہبود بجٹ کے سلسلہ میں علحدہ احکامات جاری کرے گا ۔ اس طرح اقلیتی امیدواروں کو بینک سے قرض کی اجرائی کا مرحلہ آسان ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اون یوور کار اسکیم کے تحت 500 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی جن میں سے 342 کو شرائط کی تکمیل پر اسکیم کے لئے اہل قرار دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن ہر امیدوار کو کار کی مالیت کی 60 فیصد رقم بطور سبسیڈی ادا کر رہا ہے ۔ کار کی قیمت 7.5 لاکھ ہے اور 60 فیصد سبسیڈی کے اعتبار سے ہر امیدوار کو فی کس 4.5 لاکھ روپئے جاری کئے جارہے ہیں۔ باقی ڈھائی لاکھ روپئے بینک بطور قرض جاری کرے گا۔ اسکیم کے سلسلہ میں امیدواروں نے اپنے حصہ کے پچاس ہزار کے اعتبار سے ایک کروڑ 71 لاکھ روپئے جمع کردیئے ہیں۔ محکمہ فینانس سے بجٹ کی اجرائی کے فوری بعد بینکوں سے قرض کی رقم جاری کردی جائے گی ۔ ایم اے وحید نے بتایا کہ محکمہ فینانس سے بارہا نمائندگی کرتے ہوئے بجٹ کی اجرائی کو یقینی بنایا گیا ۔ ماروتی ، اوبیر اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مشترکہ طور پر اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ امیدواروں کو اوبیر کمپنی سے ٹریننگ فراہم کی گئی ۔ ایم اے وحید نے بتایا کہ امیدوار تین سال میں ماہانہ 7000 روپئے کی قسط ادا کرتے ہوئے کار کے مالک بن جائیں گے ۔ اقساط کی ادائیگی تک وہ اوبیر کمپنی سے وابستہ رہیں گے ۔ مکمل قرض کی ادائیگی کے بعد اگر وہ چاہیں تو کمپنی سے علحدہ ہوسکتے ہیں۔ ایم اے وحید نے کہا کہ اقلیتوں کی معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے یہ منفرد اسکیم شروع کی گئی جس سے اقلیتی نوجوان ماہانہ کئی ہزار روپئے کی آمدنی حاصل کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اون یوور آٹو اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ایم اے وحید اقلیتی فینانس کارپوریشن کی دیگر اسکیمات پر موثر عمل آوری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT