Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی فینانس کارپوریشن میں نائب صدر نشین و ایم ڈی کے تقررات کی درخواست

اقلیتی فینانس کارپوریشن میں نائب صدر نشین و ایم ڈی کے تقررات کی درخواست

اسکیمات پر عمل آوری میں مشکلات کا سامنا ، صدر نشین کا چیف منسٹر کو مکتوب
حیدرآباد۔24 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن سید اکبر حسین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کارپوریشن کے لیے نئے نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر کے تقرر کی درخواست کی ہے۔ موجودہ منیجنگ ڈائرکٹر بی شفیع اللہ کو تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری کی ذمہ داری دی گئی اور وہ گزشتہ ایک سال سے اقامتی اسکولس کے قیام اور ان کی کارکردگی سے متعلق سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور وہ کارپوریشن کے لیے وقف نہیں دے پا رہے ہیں۔ ان حالات میں کارپوریشن اپنی اسکیمات پر موثر عمل آوری سے قاصر ہے اور منیجنگ ڈائرکٹر کی عدم موجودگی کے سبب عین پالیسی فیصلے بھی لینے میں دشواری ہورہی ہے۔ اکبر حسین نے چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب میں کہا کہ بی شفیع اللہ اگرچہ کارپوریشن کے مستقل منیجنگ ڈائرکٹر ہیں لیکن وہ اقامتی اسکول سوسائٹی میں اپنی زائد ذمہ داری کے لیے پورا وقت دے رہے ہیں۔ سوسائٹی کا دفتر روڈ نمبر 10 بنجارہ ہلز پر واقع جو کارپوریشن کے دفتر سے کافی فاصلے پر لہٰذا وہ بیک وقت دو دفاتر کا کام نمٹنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے تحت غرب کے خاتمہ، روزگار کی فراہمی اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسی اسکیمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ اکبر حسین نے کہا کہ کارپوریشن کے ذریعہ غریب افراد کو امداد پہنچانے کے لیے حکومت جو اسکیمات شروع کی ہیں ان کا مقصد فوت ہورہا ہے۔ کارپوریشن میں اسٹاف کی کمی ہے اور ایک کارکرد انتظامی سربراہ بھی موجود نہیں جو اسکیمات پر عمل آوری اور ادارے کی کارکردگی پر نظر رکھ سکے۔ ان حالات میں چیف منسٹر سے درخواست کی گئی ہے کہ کسی سینئر اور تجربہ کار عہدیدار کو نائب صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن مقرر کیا جائے تاکہ چیف منسٹر کی عین خواہش کے مطابق اسکیمات کے فوائد غریب اقلیتیوں تک پہنچ سکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اکبر حسین نے چیف منسٹر کو شخصی طور پر یہ مکتوب حوالہ کیا اور انہیں اس عہدے کے لیے ایک سینئر عہدیدار کے نام کی سفارش کی۔ چیف منسٹر نے ڈپٹی چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ اس مسئلہ کا جائزہ لیتے ہوئے نئے منیجنگ ڈائرکٹر کے تقرر کی راہ ہموار کریں تاکہ کارپوریشن کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔

TOPPOPULARRECENT