Tuesday , October 23 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ایم ڈی شفیع اللہ کی کارکردگی سے چیف منسٹر کے سی آر ناراض ، جلد تبادلہ کا امکان

اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ایم ڈی شفیع اللہ کی کارکردگی سے چیف منسٹر کے سی آر ناراض ، جلد تبادلہ کا امکان

حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی فلاحی اسکیمات کو منظور کیا ہے ۔ غریب لڑکیوں کے لیے شادی مبارک اسکیم اور تجارت پیشہ افراد کے لیے 80 فیصد سبسیڈی ، غریب طلباء وطالبات کے لیے فری ریزیڈنشیل اسکول کے علاوہ کئی ایک ایسے اسکیمات منظور کئے ہیں ۔ جس سے مسلمانوں کو کافی مدد حاصل ہوسکے ۔ تاہم ان اہم اسکیمات سے مسلمان صحیح طور پر استفادہ حاصل نہیں کرپا رہے ہیں ۔ جس کی اہم وجہ اقلیتی مالیاتی ادارہ بتایا جارہا ہے ۔ جہاں پر ذمہ داران کی لاپرواہی صاف طور پر دیکھی جاسکتی ہے اور خاص کر ایم ڈی شفیع اللہ پر زائد ذمہ داری ہونے کے باعث وہ زیادہ تر وقت دیگر اداروں پر صرف کررہے ہیں اور کئی مرتبہ مسلم تنظیموں نے بطور احتجاج میناریٹی کارپوریشن کا احاطہ کیا اور چیف منسٹر کے سی آر کو بھی ایک یادداشت پیش کیے ۔ لیکن ان کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے قریبی ذرائع کے مطابق اس بات کی اطلاع موصول ہوئی کہ کے سی آر ان دنوں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذمہ داران بالخصوص منیجنگ ڈائرکٹر پر شدید برہمی اور ناراضگی رکھتے ہیں اس لیے بہت جلد ان کا تبادلہ ہوگا ان کے مقام پر ایک غیر مسلم آفیسر کا تقرر عمل میں لایا جائے گا اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے دیگر ذمہ داران پر بھی سخت کارروائی کے امکانات معلوم ہورہے ہیں ۔ واضح رہے کہ کل رات دیر گئے پانچ آئی اے ایس آفیسرز کا بھی تبادلہ کردیا ۔ جس کی اطلاع کسی کو بھی نہیں تھی اور عنقریب 20 آئی پی ایس آفیسروں کے بھی تبادلہ کیے جائیںگے جس میں حیدرآباد پولیس کمشنر بھی شامل ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT