Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / اقلیتی کمیشن کیلئے خیریت آباد میں آفس کا الاٹمنٹ پیر سے باقاعدہ کام کا آغاز

اقلیتی کمیشن کیلئے خیریت آباد میں آفس کا الاٹمنٹ پیر سے باقاعدہ کام کا آغاز

حیدرآباد۔9۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کیلئے خیریت آباد میں واقع واٹر ورکس کی نئی عمارت میں دفتر الاٹ کیا گیا ہے۔ نئی عمارت کی چوتھی منزل پر اقلیتی کمیشن کو دفترکی جگہ فراہم کی گئی ہے اور چیمبرس کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔ توقع ہے کہ دفتر آئندہ تین چار دنوں میں تیار ہوجائے گا اور پیر سے کمیشن باقاعدہ اس عمارت میں کام کا آغاز کردے گا۔ صدرنشین کمیشن محمد قمر الدین نے ارکان کے ہمراہ جمعہ کو جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے ارم منزل میں واقع عارضی دفتر میں جائزہ حاصل کیا تھا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے سکریٹریٹ میں جگہ کی عدم دستیابی کے بعد واٹر ورکس کی نئی عمارت میں جگہ فراہم کی ہے۔ اسی عمارت میں بی سی کمیشن کا دفتر بھی قائم ہے۔ اسی دوران بورڈ کے ارکان محمد ارشد علی خاں ، ڈاکٹر ودیا سرونتی ، جی نوریا ، بی کٹیا اور سریندر سنگھ نے صدرنشین محمد قمرالدین سے ملاقات کی اور اقلیتوں کے مسائل پر بات چیت کی ۔ قمرالدین نے کہاکہ چیف منسٹر نے کمیشن سے جو توقعات وابستہ کی ہے، ان پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے حکومت نے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے ، ان کے فوائد اقلیتوں تک پہنچانا کمیشن اپنی ذمہ داری تصور کرتا ہے۔ عوام اپنے مسائل کے سلسلہ میں کمیشن کے دفتر رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن کی کارکردگی کے سلسلہ میں دستوری اور قانونی ماہرین سے مشاورت کر رہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT