Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / اقوام متحدہ میں اصلاحات کیلئے ہند ۔ افریقہ کا زور

اقوام متحدہ میں اصلاحات کیلئے ہند ۔ افریقہ کا زور

The Prime Minister, Shri Narendra Modi meeting the President of the Federal Republic of Nigeria, Mr. Muhammadu Buhari, during the 3rd India Africa Forum Summit, in New Delhi on October 28, 2015.

وزیراعظم مودی سے افریقی قائدین جیکب زوما، رابرٹ مودگابے اور دوسروں کی ملاقات
نئی دہلی ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کئی افریقی ممالک کے سربراہان سے باہمی مذاکرات کئے۔ اس دوران اقوام متحدہ میں اصلاحات، دہشت گردی کی سرکوبی اور بالخصوص تیل اور گیس کے شعبوں میں باہمی تجارت و سرمایہ کاری جیسے موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ افریقی قائدین نے اپنے براعظم میں ہندوستان کے ترقیاتی پراجکٹ کی ستائش کی اور صحت، طبی نگہداشت، تعلیم اور ہنرسازی جیسے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے عالمی نظام حکمرانی میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کی ڈھانچہ بندی دوسری عالمی جنگ کے بعد کی گئی تھی جو 21 ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہایت ضروری ہیکہ تمام ہمخیال ممالک متحدہ طور پر اقوام متحدہ اور بالخصوص سلامتی کونسل میں اصلاحات کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ بشمول شامی بحران دنیا کے کئی تصادم محض اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو حاصل ویٹو اختیارات کے سبب حل نہیں کئے جاسکے ہیں۔ افریقی ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کل سے یہاں شروع ہونے والی ہند ۔ افریقی چوٹی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم مودی اور صدر زوما کے مابین انسداد دہشت گردی کے مسئلہ پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور دونوں قائدین نے اس لعنت کا متحدہ طور پر مقابلہ کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم مودی نے زمبابوے کے صدر اور افریقی یونین کے چیرمین رابرٹ موگابے سے بھی ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے اقوام متحدہ میں اصلاحات، دہشت گردی کے خطرات اور مشترکہ مفادات کے موضوعات پر غوروخوض کیا۔ برارٹ موگابے ہند ۔افریقی فورم چوٹی کانفرنس کے معاون صدرنشین بھی ہیں، مودی اور موگابے نے چوٹی کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

مودی نے گھانا کے صدر جان درامانی مہاما سے بھی ملاقات کے دوران پرتپاک باہمی تعلقات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم سے سوازی لینڈ کے شاہ مسواتی سوم نے بھی ملاقات کے دوران اپنی ملک کی ترقی کیلئے اپنے نظریہ کا تذکرہ کیا۔ وزیراعظم مودی نے سوادی لینڈ کے شاہ کو ان کی قیادت اور نظریہ پر اپنی خوشی سے واقف کروایا نیز ہندوستان کی جانب سے سوادی لینڈ کی ترقی میں ممکنہ مدد کی پیشکش کی۔ نائجیریا کے صدر محمدو بوحاری نے بھی وزیراعظم مودی سے ملاقات کے دوران اپنے ملک میں ہندوستان کی جانب سے تیل کی کھوج اور نکاسی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں دفاعی شعبہ میں تعاون پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ دونوں قائدین کی بات چیت کے دوران اقوام متحدہ میں اصلاحات کا موضوع بھی زیرگفتگو رہا۔ کینیا کے صدر اوہورو کینایاٹا اور یوگانڈا کے صدر یوہیرموسیوینی نے بھی وزیراعظم مودی سے ملاقات کی۔

TOPPOPULARRECENT