Monday , December 18 2017
Home / دنیا / اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پاکستان کے ایجنڈہ میں شامل

اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پاکستان کے ایجنڈہ میں شامل

نیویارک ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے یہاں پہنچے جہاں توقع ہیکہ موصوف مسئلہ کشمیر بھی اٹھائیں گے۔ 21 ستمبر کو عباسی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ گذشتہ ماہ وزیراعظم کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد بین الاقوامی نوعیت کے اجلاس میں ان کی یہ پہلی شرکت ہوگی۔ دریں اثناء پاکستان کی سفیر برائے اقوام متحدہ ملیحہ لودھی نے بتایا کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر کے علاوہ دیگر تشویشناک معاملات کو بھی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ گذشتہ ہفتہ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندہ سید اکبرالدین نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پاکستان کا یہ فیصلہ ’’میاں کی دوڑ مسجد تک‘‘ کے مترادف ہے۔ یاد رہیکہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر کئی دہوں سے بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ عباسی کا دورہ ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب امریکہ اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے کیونکہ کچھ عرصہ قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کررہا ہے۔ توقع ہیکہ موصوف امریکی نائب صدر مائیک پنس سے بھی ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں پاکستان کی معتمدخارجہ تہمینہ جنجوعہ نے یو ایس انڈر سکریٹری آف اسٹیٹ ٹام شینن سے ملاقات کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT